واشنگٹن۔21مارچ (اے پی پی):رابطہ عالم اسلامی نے امریکی کانگریس میں افطار کی تقریب منعقد کی جس میں متعدد اسلامی شخصیات، دیگر مذاہب کے پیروکاروں، ارکان کانگریس، ریپبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
العربیہ اردو کے مطابق افطار تقریب کا مقصد رابطہ عالم اسلامی کی کوششوں کے دائرہ کار میں اسلامی برادری اور دیگر مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان افہام و تفہیم اور بقائے باہمی کے رشتوں کو مضبوط کرنا تھا۔ رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور مسلم سکالرز کی انجمن کے چیئرمین شیخ ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے ایک وڈیو پیغام میں کہا کہ لیگ اپنے مذہبی پروگراموں کے ذریعے مسلمانوں اور دیگر کے درمیان بقائے باہمی اور تعاون کی اقدار کو فروغ دیتی ہے۔
یہ رمضان المبارک میں اپنی نوعیت کی پہلی افطار تقریب ہے جو امریکی معاشرے کے مختلف شعبوں میں ایک اہم عمل کی نمائندگی کرتی ہے۔ یہ امریکی تنوع کے درمیان دوستی اور باہمی اعتماد کے رشتے کو مضبوط کرنے کا عمل ہے۔انہوں نے وضاحت کی کہ اس تقریب میں غیر مسلموں کو مدعو کرنے کی حکمت یہ ہے کہ رمضان المبارک کے اس مفہوم کو واضح کیا جائے جو اس کے گہرے ادراک کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان ہمیں اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ ہم اللہ کی نعمتوں کی قدر کریں اور ضرروت مندوں کے دکھ کو تسلیم کریں۔ اس دنیا کے باشندوں کے لئے ایک ہی وقت کی آزمائش ہے۔ اس مقدس مہینے میں روزے کے ذریعے اللہ کی طرف رجوع کیا جاتا ہے۔