راجہ بازار بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کا افتتاح متوقع، افتتاح کے بعد عوام کے لیے کھول دیا جائے گا
راجہ بازار بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کا افتتاح متوقع، افتتاح کے بعد عوام کے لیے کھول دیا جائے گا

مزید خبریں
راولپنڈی۔23جون (اے پی پی):راولپنڈی شہر کے مرکزی تجارتی مرکز راجہ بازار کے بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کا افتتاح آئندہ دنوں میں متوقع ہے جبکہ افتتاح کے فوراً بعد اس منصوبے کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ منصوبے کی تکمیل کے لیے 30 جون کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے اور بیشتر ترقیاتی و تزئین و آرائش کے کام مکمل کیے جا چکے ہیں۔میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر راولپنڈی میونسپل کارپوریشن رفاقت حیات گوندل نے "اے پی پی” کو بتایا کہ راجہ بازار بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کی سائٹ رواں سال مارچ میں آر ایم سی کے حوالے کر دی گئی تھی۔
اس سے قبل آئیسکو، سوئی گیس، ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والے اداروں سمیت واسا نے اپنے اپنے حصے کے تمام ترقیاتی کام مکمل کرنے کے بعد منصوبہ میونسپل کارپوریشن کے سپرد کیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ فوارہ چوک سے ڈنگی کھوئی تک ہیملٹن روڈ کے حصے کو جدید پیدل گزرگاہ میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر تقریباً 45 کروڑ روپے لاگت آئی، جس میں 17 کروڑ روپے زیر زمین بجلی کی تاروں کی منتقلی کے لیے آئیسکو، 5 کروڑ روپے پانی کی لائنوں کی منتقلی کے لیے واسا جبکہ 24 کروڑ روپے آر ایم سی کی جانب سے بیوٹیفکیشن، سڑکوں، فٹ پاتھوں اور نالوں کی تعمیر پر خرچ کیے گئے۔
رفاقت حیات گوندل کے مطابق منصوبے کے تحت بجلی، ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کی تاروں کو زیر زمین منتقل کیا گیا، نئی واٹر سپلائی اور سیوریج لائنیں بچھائی گئیں، پرانے لیمپ پوسٹ تبدیل کیے گئے، مرد و خواتین کے لیے علیحدہ واش رومز تعمیر کیے گئے، بیٹھنے کے لیے بینچ نصب کیے گئے جبکہ بازار کی تاریخی عمارتوں کی تزئین و آرائش اور دکانوں کے سائن بورڈز کو یکساں طرز پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فوارہ چوک سے ہیملٹن روڈ تک پیدل چلنے والوں کے لیے جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں جبکہ پھولوں کی کیاریاں، درخت اور دیگر آرائشی عناصر منصوبے کا حصہ ہیں، جس سے راجہ بازار کی مجموعی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد تجاوزات، بجلی و ٹیلی فون کی لٹکتی تاروں اور بازار کی خستہ حال ظاہری شکل جیسے دیرینہ مسائل کا خاتمہ ہو گیا ہے جبکہ خریداروں اور شہریوں کو بہتر، محفوظ اور خوشگوار ماحول میسر آئے گا۔رفاقت حیات گوندل نے مزید بتایا کہ منصوبے کے باقی ماندہ فنشنگ ورک پر تیزی سے کام جاری ہے اور اگر تمام امور مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل ہو گئے تو 30 جون کے بعد راجہ بازار بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جائے گا، جس کے بعد اسے عوام کے لیے کھول دیا جائے گا اور شہری راولپنڈی کے تاریخی تجارتی مرکز کو ایک نئی، جدید اور خوبصورت شکل میں دیکھ سکیں گے۔








