راولپنڈی ،ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے صفائی آپریشن مزید تیز

ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی نے شہر میں سموگ کے خاتمے، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے صفائی آپریشن مزید تیز کردیا ہے،شہر کی اہم شاہراہوں اور مختلف علاقوں میں سڑکوں کی واشنگ، سکریپنگ اور سوئیپنگ کا سلسلہ جاری ہے

راولپنڈی۔ 23 ستمبر (اے پی پی):ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی نے شہر میں سموگ کے خاتمے، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے صفائی آپریشن مزید تیز کردیا ہے،شہر کی اہم شاہراہوں اور مختلف علاقوں میں سڑکوں کی واشنگ، سکریپنگ اور سوئیپنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سڑکوں اور مارکیٹوں کے اطراف صفائی کے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں،گزشتہ روز ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر نے ایران روڈ اور صادق آباد چوک کا دورہ کیا اور مختلف مقامات پر جاری صفائی آپریشن کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے صفائی کی صورتحال، سڑکوں کی صفائی اور سموگ کے تدارک کیلئے جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ رانا ساجد صفدر نے صفائی ورکرز سے ملاقات کی اور ان سے جاری آپریشن کے حوالے سے بریفنگ لی، جبکہ شہریوں سے بھی بات چیت کرکے صفائی سے متعلق ان کی آراء اور مسائل معلوم کیے۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے، سڑکوں اور اطراف کی صفائی یقینی بنائی جائے اور سموگ کے خاتمے کیلئے واشنگ، سکریپنگ اور سوئیپنگ کی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرنا ستھرا پنجاب ایجنسی کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کیلئے فیلڈ میں صفائی آپریشن کی مسلسل نگرانی اور مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔جبکہ ستھرا پنجاب ایجنسی کے انٹی لٹرنگ سکواڈز بھی شہر بھر میں متحرک ہیں جو سڑکوں، چوراہوں اور عوامی مقامات پر کوڑا پھینکنے اور کچرا جلانے والے افراد کو وارننگ نوٹسز جاری کر رہے ہیں،شہریوں کو ہدایت کی جا رہی ہے کہ وہ کوڑا مقررہ مقامات پر ڈالیں اور کچرے کو ہرگز آگ نہ لگائیں تاکہ فضائی آلودگی اور سموگ کے خطرات کو کم کیا جا سکے،دوسری جانب کمیونیکیشن ٹیم کی جانب سے راولپنڈی شہر اور تحصیلوں میں صفائی اور انسدادِ سموگ کے حوالے سے آگاہی مہم بھی جاری ہے۔آگاہی کیمپ، ڈور ٹو ڈور ،مارکیٹوں، سکولوں اور مساجد میں آگاہی سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں، جہاں شہریوں، طلبہ، تاجروں اور عوام کو صفائی برقرار رکھنے، کچرا نہ جلانے اور ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے آگاہ کیا جا رہا ہے

مزید خبریں