راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں رواں ہفتہ کے دوران تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارشیں ہوں گی، محکمہ موسمیات

43

اسلام آباد ۔ 10 جولائی (اے پی پی) جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں رواں ہفتہ کے دوران تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارشیں ہوں گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتہ کے دوران ملک کے بالائی علاقوں (اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر) اور وسطی علاقوں (ڈی جی خان، ڈی آئی خان، ملتان، ساہیوال، ژوب ڈویژن) میں تیز ہواﺅں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مون سون بارشوں کا امکان ہے۔ (آج) جمعرات کو ہزارہ، گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ راولپنڈی، لاہور، سرگودہا، مالاکنڈ، کوہاٹ ڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پر تیز ہواﺅں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم راولپنڈی، مالاکنڈ، ہزارہ، بنوں ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں، کوہاٹ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواﺅں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش اسلام آباد(بوکرہ 39، سیدپور 22، ایئرپورٹ 19، زیروپوائنٹ 16)، راولپنڈی (چکلالہ32، شمس آباد16)، مری07، منگلہ02، مظفرآباد (ایئرپورٹ 36، سٹی 25)، کوٹلی 18، راولاکوٹ 12، گڑھی دوپٹہ 06، مالم جبہ 37، کاکول ، بنوں 29، بالاکوٹ 17، پارا چنار 03، کالام01 اور بگروٹ میں ایک ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ بدھ کو ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دادو، نوکنڈی، سبی ، موہنجوداڑو 46، دالبندین اور جیکب آباد میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔