راولپنڈی انڈر 17 کا نیشنل انڈر 17کپ کے فائنل میں شاندار کم بیک،ایبٹ آباد انڈر 17کو 125رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا

راولپنڈی انڈر 17نے نیشنل انڈر 17کپ کے فائنل میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے ایبٹ آباد انڈر 17کو 125رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے فائنل میں راولپنڈی انڈر 17نے پہلی اننگز میں 97رنز کے خسارے کے باوجود عمدہ کھیل پیش کیا

لاہور۔13مئی (اے پی پی):راولپنڈی انڈر 17نے نیشنل انڈر 17کپ کے فائنل میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے ایبٹ آباد انڈر 17کو 125رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے فائنل میں راولپنڈی انڈر 17نے پہلی اننگز میں 97رنز کے خسارے کے باوجود عمدہ کھیل پیش کیا اور میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ایبٹ آباد انڈر 17کی ٹیم 229 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں صرف 103رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

راولپنڈی کے لیگ اسپنر محمد الیان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں 17رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ مجموعی طور پر میچ میں 7وکٹیں حاصل کرنے پر انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اذان احمد نے بھی بہترین بولنگ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں 3وکٹیں اپنے نام کیں۔ٹورنامنٹ جیتنے پر راولپنڈی انڈر 17ٹیم کو 10لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی جبکہ رنر اپ ایبٹ آباد انڈر 17کو 5لاکھ روپے انعام ملا۔

ایبٹ آباد کے محمد صائم کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی اور بہترین بولر قرار دیا گیا۔ انہوں نے ایونٹ میں 46وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ 136رنز بھی اسکور کیے۔ راولپنڈی کے محمد یوسف 652رنز بنا کر ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر قرار پائے۔