راولپنڈی تعلیمی بورڈ کا امتحانی مراکز پر کریک ڈاؤن، 12 امیدوار نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے

تعلیمی بورڈ راولپنڈی کی سخت نگرانی، 12 امیدوار نقل کرتے ہوئے گرفتار، یو ایم سی کیسز درج

راولپنڈی ۔22جون (اے پی پی):تعلیمی بورڈ راولپنڈی نے امتحانات میں شفافیت، میرٹ اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے مختلف امتحانی مراکز میں نگرانی کا عمل مزید سخت کرتے ہوئے 12 امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، جن کے خلاف قواعد کے مطابق یو ایم سی درج کرکے ڈسپلن برانچ کو بھجوا دیا گیا۔

تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تعلیمی اصلاحات پر مبنی وژن، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں امتحانات شفافیت، میرٹ، نظم و ضبط اور جوابدہی کے اعلیٰ معیار کے مطابق منعقد کیے جا رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق کمشنر و چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی انجینئر عامر خٹک کی سربراہی میں امتحانی مراکز پر قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد، مسلسل نگرانی، اچانک معائنوں، مؤثر مانیٹرنگ اور فوری انتظامی ردعمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ امتحانی عمل کی شفافیت اور ساکھ برقرار رکھنے کے لیے فیلڈ مانیٹرنگ ٹیمیں بھی متحرک ہیں جبکہ امتحانی مراکز سے موصول ہونے والی معلومات کی بروقت جانچ اور تصدیق کا مربوط نظام نافذ کیا گیا ہے۔کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے فتح جنگ اور پنڈی گھیب سمیت مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔ دورہ کے دوران گورنمنٹ ہائی سکول پنڈی گھیب سے پانچ امیدواروں کو امتحانی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا۔اس کے علاوہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج اصغر مال راولپنڈی سے دو جبکہ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر 1 جنڈ اٹک سے پانچ امیدوار بھی نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ مجموعی طور پر 12 امیدواروں کے خلاف یو ایم سی کیسز درج کر کے مزید کارروائی کے لیے ڈسپلن برانچ کو بھجوا دیا گیا۔ترجمان کے مطابق تعلیمی بورڈ راولپنڈی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ امتحانی نظام میں شفافیت، احتساب، پیشہ ورانہ معیار اور میرٹ کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ محنتی اور اہل طلبہ کو ان کا جائز حق فراہم کیا جا سکے۔