راولپنڈی میں شدید بارش، ریسکیو 1122 نے 12 افراد کو بحفاظت نکال لیا
راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث 12 افراد کو ریسکیو کیا گیا، ترجمان ریسکیو 1122

مزید خبریں
راولپنڈی۔20اگست (اے پی پی):راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے تین مختلف واقعات میں 12 افراد کو بحفاظت نکال لیا ہے۔ریسکیو 1122 کے مطابق ہکلہ انٹرچینج پر 3 افراد، شاہ باغ میں 5 افراد جبکہ خڑکن گائوں میں 4 افراد کو بحفاظت ریسکیو اور محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
تمام واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ریسکیو 1122 کے مطابق ضلع کے تمام 9 رین گیجز پر اس وقت بارش رکی ہوئی ہے۔ کٹاریاں میں سطح آب 7 فٹ ہے اور اس میں کمی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ گوالمنڈی میں سطح آب 4 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے اور یہاں بھی پانی کی سطح کم ہو رہی ہے۔ نالہ لئی کی سطح پری الرٹ لیول سے نیچے ہے۔ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ندی نالوں کو عبور کرنے سے گریز کریں اور بچوں کو نالوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رکھیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 پر اطلاع دی جائے۔








