انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی اپیل منظور کرتے ہوئے قذافی سٹیڈیم لاہور پر عائد ایک ڈی میرٹ پوائنٹ واپس لے لیا۔ آئی سی سی اپیلز پینل نے جون میں ہونے والے میچز کی پچ ریٹنگز سے متعلق تین فیصلے جاری کر دیے
آئی سی سی نے پی سی بی کی اپیل منظور کرتے ہوئے قذافی سٹیڈیم لاہور پر عائد ایک ڈی میرٹ پوائنٹ واپس لے لیا

مزید خبریں
لاہور۔20اگست (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی اپیل منظور کرتے ہوئے قذافی سٹیڈیم لاہور پر عائد ایک ڈی میرٹ پوائنٹ واپس لے لیا۔ آئی سی سی اپیلز پینل نے جون میں ہونے والے میچز کی پچ ریٹنگز سے متعلق تین فیصلے جاری کر دیے۔آئی سی سی کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 4 جون کو کھیلے گئے تیسرے ون ڈے کی پچ کو ’’غیر تسلی بخش‘‘ قرار دیتے ہوئے قذافی سٹیڈیم کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا تھا، تاہم اپیلز پینل نے میچ کی ویڈیو، میچ ریفری کی رپورٹ اور کپتانوں کے تبصروں کا جائزہ لینے کے بعد ڈی میرٹ پوائنٹ ختم کر دیا۔پینل کے مطابق میچ ریفری کی جانب سے پچ اور آؤٹ فیلڈ مانیٹرنگ کے رہنما اصولوں پر عمل کیا گیا تھا، تاہم پچ پر ضرورت سے زیادہ ناہمواری یا سپن کے شواہد نہیں ملے، اس لیے اسے ’’غیر تسلی بخش‘‘ قرار دینے کی ضرورت نہیں تھی۔
دوسری جانب کینیڈا کے میپل لیف کرکٹ گراؤنڈ کی 8 جون کو امریکا اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلے گئے میچ کی پچ کو ’’غیر تسلی بخش‘‘ قرار دینے پر عائد ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی واپس لے لیا گیا۔ اپیلز پینل کے مطابق مذکورہ پچ کی حالت تسلی بخش پچ کے معیار کے مطابق تھی اور اس پر ضرورت سے زیادہ ناہمواری، سیم موومنٹ یا سپن نہیں تھی۔تاہم 16 جون کو کینیڈا اور نیدرلینڈز کے درمیان میچ کے لیے استعمال ہونے والی پچ کو ’’ان فٹ‘‘ قرار دینے پر عائد تین ڈی میرٹ پوائنٹس برقرار رکھے گئے ہیں۔ اپیلز پینل نے قرار دیا کہ اس پچ کی حالت خطرناک تھی اور ’’ان فٹ‘‘ قرار دینے کے معیار پر پوری اترتی تھی۔ تازہ فیصلے کے بعد قڈافی سٹیڈیم کے ریکارڈ پر کوئی ڈی میرٹ پوائنٹ باقی نہیں رہا، جبکہ میپل لیف کرکٹ گراؤنڈ کے ریکارڈ پر تین ڈی میرٹ پوائنٹس برقرار ہیں۔
آئی سی سی کے پچ اینڈ آؤٹ فیلڈ مانیٹرنگ پراسس کے تحت ’’غیر تسلی بخش‘‘ پچ پر ایک جبکہ ’’ان فٹ‘‘ پچ پر تین ڈی میرٹ پوائنٹس دیے جاتے ہیں۔ یہ پوائنٹس پانچ سال تک فعال رہتے ہیں۔ کسی وینیو کے چھ ڈی میرٹ پوائنٹس تک پہنچنے پر اسے 12 ماہ کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی سے معطل کیا جا سکتا ہے، جبکہ 12 پوائنٹس کی حد عبور کرنے پر 24 ماہ کی پابندی عائد ہوتی ہے۔








