نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تربیت سندھ پولیس کے ڈی ایس پیز کے 33 رکنی وفد کا سینٹرل پولیس آفس پشاور کا مطالعاتی دورہ
نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیرِ تربیت سندھ پولیس کے 33ڈی ایس پیز کا سی پی او پشاورکا مطالعاتی دورہ

مزید خبریں
پشاور۔ 20 اگست (اے پی پی):نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تربیت سندھ پولیس کے ڈی ایس پیز کے 33 رکنی وفد نے جمعرات کے روز ایس پی اورنگزیب کی سربراہی میں سینٹرل پولیس آفس کا مطالعاتی دورہ کیا۔
سنٹرل پولیس آفس پشاور تر جمان کے مطابق سی پی او پشاور پہنچنے پر ڈی آئی جی سپیشل برانچ محمد سلیمان اور سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں محمد سعید نے ان کا استقبال کیا۔بعد ازاں سی پی او کانفرنس روم میں ڈی آئی جی سپیشل برانچ اور سی سی پی او پشاور نے وفد کوبریفنگ دی۔ڈی آئی جی سپیشل برانچ نے وفد کے ارکان کوسپیشل برانچ کی افادیت اور دورِ حاضر میں اسکی اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے زیر تربیت ڈی ایس پیز کو انٹیلی جنس معلومات حاصل کرنے کے طریقہ کار، ہیومن انٹیلی جنس کے موثر استعمال اور انفارمیشن کلیکشن میں ٹیکنالوجی کی اہمیت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ دورِ حاضر میں جہاں ہر انسان کا ایک ڈیجیٹل فٹ پرنٹ موجود ہے اور معلومات تک رسائی آسان ہوچکی ہے وہیں ہیومن انٹیلی جنس کی اہمیت کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے ہیومن اور ٹیکنکل انٹیلی جنس کے باہمی امتزاج سے تھریٹ اسسمنٹ اور درپیش چیلنجز کے موثر سدباب کے بارے میں شرکاءکو اہم معلومات فراہم کیں۔ڈی آئی جی سپیشل برانچ نے حساس سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں، غیر ملکی سفارت کاروں اور اہم شخصیات کی سکیورٹی کے لیے تیار کردہ سکیورٹی ایس او پیزاور باقاعدگی سے کیے جانے والے سکیورٹی آڈٹ کے عمل سے بھی وفد کو آگاہ کیا ۔سی سی پی او پشاور نے وفد کو صوبائی دارالحکومت میں پولیس کے عوام کے تحفظ اور فلاح کیلئے کیے گئے عملی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ شہر میں سٹریٹ کرائم سمیت دیگر جرائم کے خاتمے کیلئے ٹیکنالوجی اور پولیسنگ کو یکجا کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سٹریٹ کرائم کنٹرول کیلئے جہاں سٹی پٹرول اور ابابیل فورس کے جوان موجود ہیں وہیں شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں اور اہم جگہوں پر سیف سٹی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں جو جرائم پیشہ اور شر پسند عناصر کی نقل و حرکت کی فوری نشاندہی کرتے ہیں۔ انہوں نے وفد کو پشاور سیف سٹی پروجیکٹ کی کارکردگی، جدید ترین فیشل ریکگنائزیشن کیمروں کی تنصیب، خودکار نمبر پلیٹ ریڈرز اور مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ذریعے شہر کی ڈیجیٹل نگرانی کے مربوط نظام سے روشناس کرایا۔سی سی پی او نے پشاور پولیس کی جانب سے اٹھائے گئے عوامی فلاح کے اقدامات جیسے مصیبت میں پھنسے شہریوں کیلئے پینک(PANIC)بٹن کی تنصیب کے بارے میں بھی تفصیلی آگاہ کیا۔انہوں نے وفد کو کمیونٹی پولیسنگ، ڈی آر سیز اور پی ایل سیز کے کام اور اُنکی افادیت کے بارے میں بھی آگاہ کیا، نیشنل پولیس اکیڈیمی کے زیر تربیت ڈی ایس پیز کے وفد نے مفید اور سبق آموزبریفنگز پر ڈی آئی جی سپیشل برانچ اور سی سی پی او پشاور کا شکریہ ادا کیا۔ زیر تربیت ڈی ایس پیز کے وفد نے بریفنگ کے اختتام پر سی سی پی او پشاور اور ڈی آئی جی سپیشل برانچ کو خصوصی شیلڈز بھی پیش کیں۔







