بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کیچھی بیگ سریاب میں آگاہی سیشن کا انعقاد

بلوچستان فوڈ اتھارٹی ٹریننگ سکول (ٹیکنیکل ونگ)کی جانب سے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کیچھی بیگ، سریاب کوئٹہ میں فوڈ سیفٹی اور صحت مند طرزِ زندگی کے حوالے سے خصوصی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا

کوئٹہ۔ 20 اگست (اے پی پی):بلوچستان فوڈ اتھارٹی ٹریننگ سکول (ٹیکنیکل ونگ)کی جانب سے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کیچھی بیگ، سریاب کوئٹہ میں فوڈ سیفٹی اور صحت مند طرزِ زندگی کے حوالے سے خصوصی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ منعقدہ سیشن میں طلبہ اور سکول سٹاف کو بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے قیام و اقدامات، محفوظ خوراک، متوازن غذا، ذاتی صفائی، وٹامنز اور منرلز کی بنیادی ضرورت اور صحت مند غذائی عادات کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔

بی ایف اے ٹریننگ سکول کی ٹیم نے طلبہ کو روزمرہ زندگی میں محفوظ اور معیاری خوراک کے انتخاب، صفائی ستھرائی اپنانے اور صحت مند غذائی عادات اختیار کرنے کے عملی طریقوں سے بھی آگاہ کیا۔ سیشن کے دوران طلبہ اور اساتذہ نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے بی ایف اے ٹیم کی جانب سے آسان اور موثر انداز میں مفید معلومات فراہم کرنے کو سراہا۔اس موقع پر بی ایف اے حکام کا کہنا تھا کہ محفوظ خوراک اور صحت مند غذائی عادات کے حوالے سے نوجوان نسل میں شعور اجاگر کرنا صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے انتہائی اہم ہے۔