راولپنڈی میں غیر ملکی شہریوں کے اغوامیں ملوث تین ملزمان گرفتار،مغوی بازیاب

81

راولپنڈی ۔19فروری (اے پی پی):راولپنڈی نے تھانہ صدر واہ کی حدود میں غیر ملکی شہریوں کے اغواء میں ملوث تین ملزمان گرفتار کر کے مغویوں کو بازیاب کروا لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق صدر واہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکیوں کو اغواء کرنے والے تین اغواء کاروں کو 24 گھنٹے میں گرفتار کرکے تینوں مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرلیا،گرفتار ملزمان کی شناخت اجمل، بلال اور عبداللہ کے نام سے ہوئی، مغویوں میں افغان فیملی کی ایک خاتون اور ان کے دو نوجوان بیٹے شامل ہیں، ملزمان نے افغانستان سے آئی فیملی کو یورپی ملک کا ویزہ دلوانے کے بہانے بلا کر اغواء کیا۔ واقعہ کی اطلاع پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے مغویوں کی فوری بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا تھا، ملزمان کو ٹریس کرنے کے لئے ایس پی پوٹھوہار کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، ملزمان کی گرفتاری اور مغویوں کی بازیابی کے لئے متعدد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے مدد لی گئی، ہیومن انٹیلی جنس اور ٹیکنیکل ذرائع سے ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا۔ قلیل ترین وقت میں مغویوں کی بحفاظت بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس پی پوٹھوہار، ایس ڈی پی او ٹیکسلا اور ایس ایچ او صدر واہ اور ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔