
راولپنڈی۔28اگست (اے پی پی):صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے ہمراہ انسداد ڈینگی اجلاس کی صدارت کی۔کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقدہ اجلاس میں صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ راولپنڈی میں ڈینگی کے خلاف متعلقہ محکموں کے انسدادی و حفاظتی اقدامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، سرویلنس سرگرمیوں کے خاطر خواہ نتائج نہ دکھانے والے محکمے جوابدہ ہوں گے، ڈینگی لاروا کی افزائش کے موافق مقامات کا بار بار سروے کریں اور ایسی جگہوں کو خشک اور صاف رکھنے کے لئے موثر اقدامات ہونے چاہئیں۔
انہوں نے ٹائر شاپس، کباڑ خانوں، قبرستانوں، نرسریز کو بلاناغہ چیک کرنے کی تاکیدکی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر ڈینگی سے بچائو ممکن نہیں، لہذا انہیں ڈینگی مچھر سے محفوظ رہنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کا احساس دلانے کے لئے آگاہی پروگرامز کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے محکمہ اوقاف کو ہدایت کی کہ تمام جید علماء کرام کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے اور انہیں ڈینگی کی تباہ کاریوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے جمعہ کے خطبہ میں عوام الناس کو ڈینگی سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات اپنانے پر قائل کیا جائے۔
راولپنڈی میں یکم جنوری 2023 سے اب تک ڈینگی کے کل 178 کنفرم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ضلع راولپنڈی157، ضلع اٹک میں14، ضلع جہلم میں 02اور ضلع چکوال 05میں مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس وقت ڈینگی کے 26 کنفرم مریض راولپنڈی کے ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں 7 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کی مد میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 39 ایف آئی آرز، 5 چالان، 5 عمارتیں سیل اور 53000 روپے کاجرمانہ عائد کیا گیا
جبکہ کمشنر راولپنڈی ڈویثرن انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں اسلام آباد انتظامیہ اور کنٹونمنٹ بورڈز کی شمولیت یقینی بنائی جائے۔ڈھوک منشی، سی ٹی سی 5 اور سی ٹی سی 10 ڈینگی کے ہاٹ سپاٹس ہیں،ہسپتالوں میں ڈینگی کے پیک سیزن کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی وارڈز اور مطلوبہ ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔