راولپنڈی پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں "فرینڈز آف پولیس” انٹرن شپ پروگرام کے 47ویں بیچ کی اختتامی تقریب کا انعقاد

"’فرینڈز آف پولیس‘ انٹرن شپ پروگرام نوجوانوں میں قانون کی پاسداری، عوامی خدمت اور پولیس سے اعتماد کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہے۔”

راولپنڈی۔25جولائی (اے پی پی):راولپنڈی پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں آئی جی پنجاب عبدالکریم کے ویژن کے تحت ’’فرینڈز آف پولیس‘‘ انٹرن شپ پروگرام کے 47ویں بیچ کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

دو ہفتوں پر مشتمل انٹرن شپ پروگرام کے دوران سینئر پولیس افسران نے شرکاء کو پولیس ورکنگ، جدید پولیسنگ، جرائم کی روک تھام، کمیونٹی پولیسنگ اور منشیات کے تدارک سمیت مختلف موضوعات پر لیکچرز دیئے۔ طلبہ و طالبات کو پولیس اسٹیشن ورکنگ، پولیس خدمت مرکز، فرنٹ ڈیسک، مختلف پولیس ایپس، ٹریفک پولیس اور قانونی و عدالتی کارروائی کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا گیا۔ پروگرام کے تحت شرکاء کو سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشنز، پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم، ٹریفک ہیڈکوارٹرز، پولیس خدمت مرکز لیاقت باغ اور لیگل برانچ کا دورہ بھی کرایا گیا تاکہ وہ عملی طور پر پولیسنگ کے نظام کو قریب سے سمجھ سکیں۔ راولپنڈی پولیس کے مطابق انٹرن شپ پروگرام میں شریک نوجوانوں کو آئندہ پولیس آگاہی مہم کا حصہ بنایا جائے گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل پولیس ورکنگ اور سروس ڈیلیوری کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے جبکہ پروگرام کا مقصد طلبہ و طالبات کو مؤثر پولیسنگ، جرائم کی روک تھام اور کمیونٹی پولیسنگ میں معاون بنانا ہے۔ تقریب کے اختتام پر ڈی ایس پی ایڈمن شاہدہ یاسمین نے انٹرن شپ پروگرام مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔