راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی نیشنل کوآرڈینیٹر ایس آئی ایف سی لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد سے ملاقات، مختلف اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی

104
اقوام متحدہ اور انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کی دنیا بھر میں 114 ملین افراد کی زندگیوں کو بچانے کے لئے ہنگامی امداد کی اپیل

اسلام آباد ۔18دسمبر (اے پی پی):راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عثمان شوکت کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی چیمبر وفد نے سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کے نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد سے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔وفد میں گروپ لیڈر سہیل الطاف اور سابق صدورڈاکٹر حسن سروش ،منظر خورشید شیخ ، اسد مشہدی چیئرمین راولپنڈی رنگ روڈ اکنامک زون کمیٹی اور سابق صدر، زاہد لطیف خان چیئرمین اسلام آباد سٹاک ایکسچینج اور سابق صدر،ندیم رؤف اورثاقب رفیق شامل تھے۔

ترجمان کے مطابق ملاقات میں راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ، سپیشل اکنامک زون (سیز) کی تعمیر، انڈسٹریل اسٹیٹ روات کی ترقی کے لیے رابطہ سڑک کی فوری تعمیر، فارماسیوٹیکل سیکٹر میں برآمدات کےفروغ کے لیے فارما ایکسپورٹ کونسل کاقیام، ٹیکس نظام میں اصلاحات تاکہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہو، بنک روڈ صدر کو واکنگ سٹریٹ بنانے کے کاروبار پر اثرات،جڑواں شہروں کے لیے ایکسپو سینٹر کا قیام ، کنسٹرکشن پیکج اورریٹ کو فروغ دینے پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔

چیمبر وفد نے راولپنڈی رنگ روڈ کے اطراف خصوصی اکنامک زونز کے قیام کی اہمیت پر زور دیا تاکہ جڑواں شہروں میں صنعتی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔4,000 ایکڑ زمین پہلے ہی اس زون کے لیے مختص کی جا چکی ہے، لیکن منظوری کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے خصوصی مراعات پر بھی زور دیا گیا۔وفد نے انڈسٹریل اسٹیٹ روات کے مسائل پر گفتگو کی، جہاں450 سے زائد فیکٹریاں آپریشنل ہیں ، اورپاکستان کا تیسرا بڑا فارماسیوٹیکل کلسٹر وہاں موجود ہے ۔

انڈسٹریل اسٹیٹ کے لیے رابطہ سڑک جو صرف دو کلومیٹر بنتی ہے اور اخراجات کا تخمینہ 500 ملین روپے سے کم ہے، سڑک کی فوری تعمیر پر زور دیا گیا تاکہ 800 سے زائد خالی پلاٹس پر فیکٹریاں لگ سکیں اور روزگار کے مواقع پیدا ہو سکیں۔ وفدنے وزارت تجارت کے تحت ایک فارما ایکسپورٹ کونسل کے قیام کی تجویز دی تاکہ فارماسیوٹیکل برآمدات کو فروغ دیا جا سکے۔اس کے ساتھ ساتھ چیمبر نے ٹیکس نظام میں اصلاحات کے لیے ایف بی آر کی مدد کے لیے تجاویز پیش کیں تاکہ موجودہ ٹیکس نظام کی خامیوں کو دور کیا جا سکے اور کاروباری نیٹ ورکس کو استعمال کرتے ہوئے ٹیکس کی وصولی میں اضافہ کیا جا سکے۔

وفد نے بینک روڈ کی پیدل گزرگاہ کی وجہ سے مقامی کاروبار کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا اور مسلے کے حل کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرتے ہوئے ایک متوازن حل کی تجویز پیش کی۔وفدنے جڑواں شہروں میں تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ایک ایکسپو سینٹر کے قیام کی فوری منظوری کا مطالبہ بھی کیا۔

چیمبر وفد نے مضبوط کنسٹرکشن پیکج کے لیے اقدامات پر زور دیا، کیونکہ تعمیراتی شعبے سے وابستہ 40 سے زائد صنعتیں معیشت کی ترقی کے لیے اہم ہیں۔نیز ریئل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ (ریت) کے فروغ کے لیے تجاویز بھی پیش کی گئیں۔لیفٹیننٹ جنرل سرفراز احمد نے وفد کو ان اہم مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں میں پیش رفت کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔