راول ڈیم صفائی مہم میں 200 سے زائد رضاکاروں نے حصہ لیا، راول ڈیم کے اطراف سے تقریباً 2 ٹن کوڑا کرکٹ اٹھایا گیا

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) نے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد کی ہدایات پر، جاز ورلڈ کے اشتراک سے راول ڈیم میں صفائی مہم کا کامیاب انعقاد کیا۔

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) نے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد کی ہدایات پر، جاز ورلڈ کے اشتراک سے راول ڈیم میں صفائی مہم کا کامیاب انعقاد کیا۔

خصوصی صفائی مہم کا مقصد ماحول کے تحفظ اور عوام میں صفائی سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔صفائی مہم کی قیادت چیف آفیسر ایم سی آئی ڈاکٹر انعم نے کی جبکہ جاز ورلڈ کے نمائندوں سمیت سی ڈی اے، ایم سی آئی، مختلف این جی اوز، طلبہ اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے 200 سے زائد رضاکاروں نے بھرپور شرکت کی۔مہم کے دوران رضاکاروں نے 80 تھیلے کوڑا کرکٹ جمع کیا اور راول ڈیم کے اطراف سے تقریباً 2 ٹن ٹھوس کچرا ہٹا کر علاقے کو صاف کیا۔

اس موقع پر چیف آفیسر ایم سی آئی نے کہا کہ یہ صفائی مہم عوامی مفاد میں منعقد کی گئی تاکہ ماحول کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور ذمہ دارانہ انداز میں کچرا تلف کرنے کی اہمیت اجاگر ہو۔انہوں نے بتایا کہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی، حکومت پنجاب اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر راول ڈیم کو آلودگی سے بچانے کے لیے جامع اور دیرپا اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ (ایس ٹی پی) کی تنصیب بھی شامل ہے تاکہ آلودہ پانی کو راول ڈیم میں داخل ہونے سے روکا جا سکے۔

چیف آفیسر ڈاکٹر انعم نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خصوصاً بھارہ کہو اور مری سے آنے والے نالوں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں، کیونکہ یہی نالے راول ڈیم میں آلودگی کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔تقریب کے اختتام پر سی ڈی اے اور ایم سی آئی نے جاز ورلڈ اور تمام رضاکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد کو مزید صاف، سرسبز اور صحت مند بنانے کے لیے سرکاری و نجی اداروں کے ساتھ مل کر ایسی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔

 

مزید خبریں