چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت المیزان فاؤنڈیشن کے ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس، پانچ سالہ اسٹریٹجک اہداف اور مالی سال 27-2026 کا بجٹ منظور

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت المیزان فاؤنڈیشن کے ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس، پانچ سالہ اسٹریٹجک اہداف اور مالی سال 27-2026 کا بجٹ منظور

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ المیزان فاؤنڈیشن میں ادارہ جاتی اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط، ڈیجیٹل تبدیلی اور فلاحی خدمات کی فراہمی کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں المیزان فائونڈیشن کے ایڈوائزری بورڈ کے سالانہ جنرل اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیااجلاس میں ملک بھر کی ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان نے شرکت کی۔ بورڈ نے اپنے گزشتہ فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا اور ادارہ جاتی اصلاحات، واجبات کی وصولی، انسانی وسائل کو مضبوط بنانے، ریکارڈ مینجمنٹ، مالی نظم و ضبط اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے اقدامات کو سراہا۔

اجلاس میں المیزان فائونڈیشن کے 2025 تا 2030 کے اسٹریٹجک اہداف کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ فاؤنڈیشن کے میمورنڈم اور آرٹیکلز آف ایسوسی ایشن میں ترامیم، مالی اختیارات کی تفویض کا شیڈول، سروس رولز، اینڈومنٹ اینڈ انویسٹمنٹ فنڈ رولز، ویلفیئر پالیسی، الاٹمنٹ، گورننس اور مینٹیننس پالیسی، مارکیٹ مینجمنٹ، الاٹمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریشن پالیسی 2026 سمیت جدید طرز حکمرانی سے متعلق پیکیج بھی منظور کیا گیا۔ بورڈ نے مالی سال 2026-27 کا سالانہ بجٹ بھی منظور کیا اور آمدنی میں اضافے، اخراجات پر مؤثر کنٹرول، فلاحی سرگرمیوں اور ادارہ جاتی ضروریات کے لیے وسائل کی منظم تقسیم، بہتر مالیاتی رپورٹنگ اور ٹیکس و آڈٹ کی تعمیل میں پیش رفت کو سراہا۔

اجلاس میں مالی سال 2020-21 سے 2025-26 تک فاؤنڈیشن کے قانونی تقاضوں کے مطابق بیرونی آڈٹ کرانے اور اس کا عمل مکمل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں اسلامی انٹرنیشنل میڈیکل کالج ٹرسٹ کے ساتھ مزید 25 سالہ تعاون کے معاہدے کا خیرمقدم کیا گیا جس کے تحت تقریباً 148 فیصد زیادہ رائلٹی، انڈر گریجویٹ اور میڈیکل پروگراموں میں 43 سالانہ وظائف، شراکت دار اسپتالوں کے ذریعے طبی سہولیات اور میڈیکل کیمپس کا تسلسل برقرار رہے گا جبکہ المیزان فاؤنڈیشن کے احاطے میں مجوزہ المیزان آئی آئی ایم سی ٹرسٹ میڈیکل کمپلیکس کے قیام کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بورڈ نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے اقدامات، کمیٹی آف ایڈمنسٹریشن کی نگرانی، ادارہ جاتی استحکام، قانونی تقاضوں کی تکمیل اور فلاحی خدمات کی فراہمی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔

 

مزید خبریں