رمضان المبارک کے آخری عشرے میں جشن نزول قرآن کے سلسلے میں روح پرور محافل کا انعقاد

رمضان المبارک کے آخری عشرے میں جشن نزول قرآن کے سلسلے میں روح پرور محافل کا انعقاد کیا گیا ،جس میں حفاظ اور قراء حضرات نے قیام الیل اور نماز تراویح میں قرآن کریم کی تلاوت کی سعادت حاصل کی۔

اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):رمضان المبارک کے آخری عشرے میں جشن نزول قرآن کے سلسلے میں روح پرور محافل کا انعقاد کیا گیا ،جس میں حفاظ اور قراء حضرات نے قیام الیل اور نماز تراویح میں قرآن کریم کی تلاوت کی سعادت حاصل کی۔ اس موقع پر منعقد ہونے والی اختتامی تقاریب میں روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے ۔ رمضان المبارک کی ستائیسویں رات کو خصوصی طور پر لیلتہ القدر کے طور پر منایا جاتا ہے اور ملک بھر کی مساجد میں رت جگوں کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں لوگ نوافل، نماز تسبیح اور نماز تراویح میں تلاوت قرآن پاک کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔ اسلام آباد کی فیصل مسجد میں جشن نزول قرآن کے سلسلہ میں 7 روزہ قومی محفل شبینہ اختتامی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ تکمیلِ قرآن پاک کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھے گئے۔

اختتامی دعا کے موقع پر مسجد کے احاطہ میں موجود افراد نے اجتماعی دعا میں ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کے لیے دعائیں کیں ۔ 21 ویں رمضان المبارک کی شب سے شروع ہونے والی اس روحانی محفل میں ملک بھر سے آئے ہوئے مایہ ناز قراء کرام نے اپنی سحر انگیز آواز میں قرآنِ کریم کی تلاوت کر کے سامعین کے ایمان کو جلا بخشی۔رواں سال محفلِ شبینہ میں چاروں صوبوں، اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور مسلح افواج کی نمائندگی کرنے والے مایہ ناز حفاظِ کرام شریک ہوئے جبکہ دعوہ اکیڈمی فیصل مسجد کے حفاظِ کرام نے مجموعی طور پر 8 مختلف نشستوں میں تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت حاصل کی ۔

فیصل مسجد انتظامیہ اور دعوہ اکیڈمی کے مطابق اسلام آباد سے حافظ محمد ایوب، حافظ عبد الرافع ندیم، حافظ عثمان اور حافظ محمد ادریس نے تلاوت قرآن پاک کا شرف پایا جبکہ پنجاب سے حافظ محمد خالد درانی، حافظ محمد ابو بکر، حافظ عبد الرحمن، حافظ مبشر احمد اور حافظ عمر خالد نے اپنی خوش الحانی سے سماں باندھ دیا ۔ خیبر پختونخوا سے حافظ ساجد کمال، حافظ محمد یحییٰ اعمار اور حافظ محمد نوید نے تلاوت کی ۔ سندھ سے حافظ محمد سفیان اور حافظ سید حسان احمد، بلوچستان سے حافظ اورنگزیب خان، حافظ محمد شیراز اور حافظ محمد نعمان جبکہ گلگت بلتستان سے حافظ عنایت اللہ اور آزاد کشمیر سے حافظ مغیب لیاقت نے اس نورانی محفل کو تلاوت قرآن پاک سے رونق بخشی ۔مسلح افواج کی جانب سے حافظ محمد علی طحہٰ اور حافظ اسد خان نے بھی تلاوت کر کے سعادت حاصل کی۔