اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):رمضان المبارک کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں کھجورکی طلب میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، شہری روزہ افطار کرنے کے لیے روایتی طور پر استعمال ہونے والی مختلف اقسام کی کھجوروں کی خریداری کر رہے ہیں۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے شہر بھر کے مختلف تاجروں نے بتایا کہ رمضان کے دوران کھجور کی مذہبی اہمیت طلب میں اضافے کی بنیادی وجہ …
رمضان المبارک کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں کھجورکی طلب میں نمایاں اضافہ ریکارڈ

مزید خبریں
اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):رمضان المبارک کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں کھجورکی طلب میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، شہری روزہ افطار کرنے کے لیے روایتی طور پر استعمال ہونے والی مختلف اقسام کی کھجوروں کی خریداری کر رہے ہیں۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے شہر بھر کے مختلف تاجروں نے بتایا کہ رمضان کے دوران کھجور کی مذہبی اہمیت طلب میں اضافے کی بنیادی وجہ ہے، کیونکہ متعدد افراد سنت کے مطابق کھجور اور پانی سے روزہ افطار کرتے ہیں۔
کھجور کی مقبول اقسام میں ایرانی، عجوہ، مبروم اور مظافتی شامل ہیں، جن میں معیار اور اصل کے مطابق قیمتوں میں فرق پایا جاتا ہے، درآمد شدہ اعلیٰ اقسام زیادہ قیمت پر فروخت ہو رہی ہیں، جبکہ مقامی اقسام نسبتاً سستی ہی۔ آبپارہ اور کراچی کمپنی کے دکانداروں کا کہنا ہے کہ اس سال مقامی اور درآمد شدہ کھجوروں کی وسیع اقسام دستیاب ہیں۔بلوچستان ڈرائی فروٹ شاپ کے دکاندار انور نے بتایا کہ ایرانی مظافتی اس وقت سب سے زیادہ فروخت ہونے والی قسم ہے۔
ان کے مطابق مبروم اور عجوہ کی بھی طلب زیادہ ہے، تاہم عجوہ مہنگی ہونے کے باعث زیادہ خریداروں کی استطاعت میں نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قیمتیں تقریباً 400 روپے فی کلوگرام سے شروع ہو کر 5,600 روپے فی کلوگرام تک ہیں، جبکہ ایرانی مظافتی تقریباً 1,200 روپے فی کلوگرام فروخت ہو رہی ہے۔ بعض صارفین نے اعلیٰ اقسام کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر اظہار تشویش کیا ہے۔ جی-9 مرکز کے ایک ریٹیلر نے بتایا کہ رمضان کے دوران صارفین قدرے زیادہ قیمت کے باوجود معیار کو ترجیح دیتے ہیں اور معمول کے مہینوں کے مقابلے میں فروخت دگنی سے بھی زیادہ ہو چکی ہے۔
جی-9 کے ایک رہائشی انعام کے مطابق ان کے خاندان میں رمضان کے دوران معیاری کھجور خریدنا ایک روایت ہے اور وہ معیار پر سمجھوتہ نہیں کرتے۔ ایک اور خریدار گل مینا نے کہا کہ گزشتہ سال عجوہ نسبتاً سستی تھی، تاہم اس بار قیمتوں میں اضافے کے باعث وہ مظافتی کھجور کو ترجیح دے رہی ہیں، اور مخصوص بجٹ کے باوجو اچھی کوالٹی کی کھجور ان کی رمضان خریداری کا لازمی حصہ ہے۔
ایک نجی کلینک کی ماہر غذائیت آمنہ نے بتایا کہ کھجور قدرتی شکر، فائبر اور ضروری معدنیات سے بھرپور ہوتی ہے، جو طویل روزے کے بعد توانائی بحال کرنے میں مدد دیتی ہے، اسی غذائی افادیت اور مذہبی روایت کے باعث رمضان کے دوران اس کی طلب مسلسل بلند رہتی ہے۔








