حج 2026 کے تحت رواں برس ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانیوں نے فریضہ حج کی سعادت حاصل کی جن میں سے ایک لاکھ 19 ہزار 210 نے سرکاری جبکہ 60 ہزار افراد نے پرائیویٹ سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کیا۔
رواں برس ایک لاکھ 79 ہزار پاکستانیوں نے حج کیا ، ایک لاکھ 19 ہزار نے سرکاری ، 60 ہزار نے پرائیویٹ سکیم کا انتخاب کیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):حج 2026 کے تحت رواں برس ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانیوں نے فریضہ حج کی سعادت حاصل کی جن میں سے ایک لاکھ 19 ہزار 210 نے سرکاری جبکہ 60 ہزار افراد نے پرائیویٹ سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کیا۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری سکیم کے تحت رواں برس پاکستانیوں نے حج پر 139 ارب 16 کروڑ روپے خرچ کئے۔ لانگ حج پروگرام کے تحت حاجیوں نے مجموعی طور پر 89 ارب 40 کروڑ روپے خرچ کئے جبکہ کم دورانیہ کا حج کرنے والے حاجیوں کے اخراجات تقریباً 49 ارب 76 کروڑ روپے رہے ، 77 ہزار 443 حاجیوں نے لانگ حج پروگرام کا انتخاب کیا جس کا دورانیہ 40 سے 45 روز تھا ، سرکاری حج سکیم کے 65.2 فیصد حاجیوں نے لانگ حج پروگرام کے تحت فریضہ حج کی سعادت حاصل کی۔لانگ حج پروگرام کے ہر حاجی نے مجموعی طور پر 11 لاکھ 50 ہزار روپے فی کس ادا کئے ۔ 41 ہزار 467 حاجیوں نے 20 سے 22 روزہ شارٹ حج پروگرام کے تحت حج کیا ۔ سرکاری سکیم کے 34.8 فیصد حاجیوں نے شارٹ حج پروگرام کا انتخاب کیا۔
اس پروگرام کے تحت حاجیوں نے فی کس 12 لاکھ روپے ادا کئے، شارٹ حج کرنے والے حاجیوں کے اخراجات تقریباً 49 ارب 76 کروڑ روپے رہے ۔ 50 ہزار 114 خواتین نے سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کیا۔ خواتین حاجیوں کا سرکاری حج کوٹے میں تناسب 43.5 فیصد رہا ۔ 65 ہزار 182 مردوں نے سرکاری سکیم کے تحت حج کی سعادت حاصل کی اور ان کا تناسب 56.5 فیصد رہا۔ لانگ حج پروگرام کے حاجیوں نے پہلی قسط میں 5 لاکھ اور دوسری قسط میں 6 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کئے جبکہ شارٹ حج پروگرام کے حاجیوں نے پہلی قسط میں 5 لاکھ 50 ہزار اور دوسری قسط میں 6 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کئے، دو بیڈ والے الگ کمرے کا انتخاب کرنے والے حاجیوں نے فی کس 2 لاکھ روپے اضافی ادا کئے، تین بیڈ والے کمرے کا الگ انتخاب کرنے والے حاجیوں نے فی کس 67 ہزار روپے اضافی ادا کئے۔








