راولپنڈی 25جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے مون سون بارشوں میںممکنہ طغیانی کے خدشے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں برس مون سون میں گذشتہ برسوں کی نسبت زیادہ بارشیں ہو نے کی پیشین گوئی ہے اور راولپنڈی شہر کو سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ ان خیالات …
رواں برس زیادہ بارشوں کی پیشین گوئی ہے ،تمام ادارے الرٹ رہیں، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی میڈیا سے بات چیت

مزید خبریں
راولپنڈی 25جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے مون سون بارشوں میںممکنہ طغیانی کے خدشے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں برس مون سون میں گذشتہ برسوں کی نسبت زیادہ بارشیں ہو نے کی پیشین گوئی ہے اور راولپنڈی شہر کو سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی شب اور جمعرات کی صبح جڑواں شہروں میں ہونے والی شدید بارش کے بعد کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے نالہ لئی پر گوالمنڈی پل کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ راولپنڈی اسلام آباد میں جاری بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد صبح نو بجے گوالمنڈی پل پر پہنچ گئے اور موقع پر راولپنڈی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں برس مون سون میں گذشتہ برسوں سے زیادہ بارشیں ہو سکتی ہیں اور راولپنڈی شہر کو سیلابی صورت حال کا سامنا ہوسکتا ہے اس لیے کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات ضروری ہیں۔ شیخ رشید احمد نے کہاکہ راولپنڈی شہر کو سیلابی صورت حال سے بچانے کیلئے نالہ لئی ایکسپریس وے اینڈ فلڈ چینل کی تعمیر نا گزیر ہے، بطور فوکل پرسن لئی ایکسپریس وے اینڈ فلڈ چینل کے لئے وفاقی اور پنجاب حکومت سے مسلسل رابطے میں ہوں۔ شیخ رشید احمد نے کہاکہ 80ارب روپے کے اس منصوبے کے لئے بین الاقوامی کمپنیاں بھی دلچسپی کا اظہار کر چکی ہیں، امید ہے اسی سال منصوبے پر عملی کام شروع ہو جائے گا۔ شیخ رشید احمدنے کہاکہ سواں پل سے پشاور موڑ اسلام آباد تک چھبیس (26) کلو میٹر طویل لئی ایکسپریس وے سے راولپنڈی شہر کو ایک نئی شکل ملے گی، ٹرانسپورٹ اور کاروبار کی بہترین سہولتیں میسر آئیں گی اور یہ منصوبہ شہر کی تقدیر بدل دے گا۔








