بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی)نے اولمپک موومنٹ کے لئےاپنا پہلا’’ٹرسٹ وردی اے آئی فریم ورک ‘‘باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا ہے
اولمپک موومنٹ میں مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال کے لئے آئی او سی کا ’’ٹرسٹ وردی اے آئی فریم ورک ‘‘جاری

مزید خبریں
لوزان۔29ستمبر (اے پی پی):بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی)نے اولمپک موومنٹ کے لئےاپنا پہلا’’ٹرسٹ وردی اے آئی فریم ورک ‘‘باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا ہے۔آئی او سی کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد دنیا بھر میں کھیلوں سے وابستہ تنظیموں اور سٹیک ہولڈرز کو ایسی عملی اور ٹھوس رہنمائی فراہم کرنا ہے جس کی مدد سے وہ مصنوعی ذہانت کے جدید ذرائع کو اخلاقی، محفوظ، شفاف اور بااعتماد انداز میں اپنے نظام کا حصہ بنا سکیں۔یہ جامع فریم ورک آئی او سی نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کنسلٹنگ پارٹنر ’ڈیلائٹ‘کے اشتراک سے تیار کیا ہے، جس کی تشکیل میں اولمپک موومنٹ کے 200 سے زائد رہنماؤں، ٹیکنالوجی ماہرین اور خود ایتھلیٹس کی آراء و تجاویز شامل کی گئیں۔ یہ گائیڈ لائنز کھیلوں کے اداروں کو مصنوعی ذہانت کے تیزی سے بڑھتے ہوئے دائرہ کار سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ ساتھ اس سے جڑے ممکنہ چیلنجز اور خطرات سے نمٹنے کے قابل بناتی ہیں۔اس فریم ورک کی بنیاد 7 کلیدی اصولوں پر رکھی گئی ہے، جن میں کھیلوں کے لیے محفوظ اور قابلِ اعتماد اے آئی کا قیام، ایتھلیٹس کے ذاتی ڈیٹا کا مکمل تحفظ، نظام کی مضبوطی، شفافیت، ادارہ جاتی احتساب، سب کے لیے غیر جانبدارانہ مساوات اور پائیداری کا فروغ شامل ہیں۔ ان اصولوں کو کسی بھی اے آئی سسٹم کے ابتدائی ڈیزائن اور خریداری سے لے کر روزمرہ کے عملی نفاذ تک ہر مرحلے پر لاگو کیا جا سکتا ہے۔اصولوں کے عملی اطلاق کے لیے آئی او سی نے ایک تین نکاتی سیلف اسیسمنٹ چیک لسٹ بھی جاری کی ہے۔ اس چیک لسٹ کی بدولت کھیلوں کی تنظیمیں کسی بھی مصنوعی ذہانت کے نظام سے وابستہ خطرات کا قبل از وقت تعین کر سکتی ہیں، اپنے کام میں مجوزہ حفاظتی اصولوں کو نافذ کر سکتی ہیں اور اپنے سسٹمز کو مزید مستحکم اور قابلِ بھروسا بنانے کے لیے درکار عملی اقدامات کی نشاندہی کر سکتی ہیں۔آئی او سی کے ہیڈ آف آرٹیفیشل انٹیلی جنس الیجاندرو میرینو میڈرڈ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اے آئی کھلاڑیوں کی تیاری، مقابلوں کے انعقاد اور شائقین کے تجربے کو انقلابی انداز میں بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، لیکن ٹیکنالوجی کو کھیل کی خدمت کرنی چاہیے نہ کہ کھیل ٹیکنالوجی کا پابند بنے۔ فریم ورک کے مطابق اے آئی کے اخلاقی اور درست استعمال کی بنیادی ذمہ داری انہی تنظیموں پر عائد ہوگی جو ان جدید سسٹمز کو ڈیزائن یا اپنے اداروں میں نافذ کریں گی.







