رواں سال مون سون بارشوں کے باعث 135 شہری جاں بحق ،79 زخمی جبکہ 156گھر متاثر ہوئے، ترجمان

لاہور۔20جولائی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے کی مون سون فیکٹ شیٹ جاری کردی گئی ۔ترجمان کے مطابق فیکٹ شیٹ میں مون سون بارشوں کی صورتحال، پنجاب کے دریائوں، بیراجز ،ڈیمز میں پانی کی سطح اورمون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات بارے اعدادوشمار شامل ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے کسی بھی شہر …

لاہور۔20جولائی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے کی مون سون فیکٹ شیٹ جاری کردی گئی ۔ترجمان کے مطابق فیکٹ شیٹ میں مون سون بارشوں کی صورتحال، پنجاب کے دریائوں، بیراجز ،ڈیمز میں پانی کی سطح اورمون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات بارے اعدادوشمار شامل ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے کسی بھی شہر میں بارش ریکارڈ نہیں ہوئی، بارشوں کا نیا سپیل اتوارسے شروع ہو گا،رواں سال مون سون بارشوں کے باعث 135 شہری جاں بحق ، 156گھر متاثر اور 479شہری زخمی ہوئے۔

زیادہ اموات کچے مکانات،خستہ عمارتوں و چھتوں کے گرنے کے باعث ہوئیں ۔آسمانی بجلی گرنے، کرنٹ لگنے اور دریائوں میں نہاتے ہوئے ڈوبنے سے بھی اموات رپورٹ ہوئیں ۔ رپورٹ کے مطابق منگلا ڈیم میں 49 فیصد جبکہ تربیلا میں 79 فیصد پانی موجود ہے۔انڈین ڈیمز میں پانی کی سطح تقریبا 34 فیصد ہے۔ پنجاب کے بیشتر دریائوں میں پانی کا بہائو نارمل ہے ۔دریائے سندھ میں تربیلا چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ ممکنہ سیلابی خطرے کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے کے انتظامات مکمل ہیں۔

لاہور، سیالکوٹ،فیصل آباد اور گوجرانولہ میں مون سون بارشوں سے اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے ۔ شہروں کی انتظامیہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہے۔ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز مسلسل صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید ممکنہ بارشوں کے پیش نظر واسا و انتظامیہ کو نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے کی ہدایات کر دی ہے ۔حکومت پنجاب کی جانب سے دریائوں نہروں اور برساتی نالوں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شہری خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں ۔مخدوش و بوسیدہ مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں ۔ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیشِ نظر سوگوار خاندانوں کی مالی معاونت کی جا رہی ہے ۔