رواں ماہ دو بین الاقوامی سائیکلنگ ایونٹس کی میزبانی ابوظہبی کرے گا

129
International Cycling

ابوظہبی۔4فروری (اے پی پی):ابوظہبی سپورٹس کونسل ،بین الاقوامی سائیکلنگ یونین کے تعاون سے یو اے ای ٹوور ویمن سائیکلنگ ایونٹ 6 فروری سے ابوظہبی میں شروع ہوگا، جس میں خواتین سائیکلسٹس شرکت کریں گی۔

ابوظہبی سپورٹس کونسل ،بین الاقوامی سائیکلنگ یونین کے تعاون رواں ماہ میں دو اہم بین الاقوامی سائیکلنگ ایونٹس کی میزبانی کرے گی۔ امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے وام کے مطابق ریاست رواں ماہ 2025 میں دو اہم سائیکلنگ ایونٹس کی میزبانی کرے گی جن میں ’’یو اے ای ٹوور ویمن‘‘ اور ’’یو اے ای ٹوور ‘‘شامل ہیں ۔یو اے ای ٹوور ویمن 6 تا 9 فروری جبکہ یو اے ای ٹوور 17 سے 23 فروری تک منعقد ہوگا،یہ دونوں بین الاقوامی مقابلے دنیا کے بہترین خواتین اور مرد سائیکلسٹس کی شرکت کے ساتھ دلچسپ اور چیلنجنگ مقابلے پیش کریں گے۔یو اے ای ٹور ویمن کا تیسرا ایڈیشن جو کہ مشرق وسطیٰ میں یو سی آئی ورلڈ ٹوور سیریز کی واحد بین الاقوامی سائیکلنگ ریس ہے، یہ چار مراحل پر مشتمل ہوگی۔

یہ ریس ابوظہبی، العین اور الظفرہ کے علاوہ دبئی کے علاقوں میں بھی ہوگی۔ ایونٹ خطے میں خواتین کی سائیکلنگ کے تیزی سے بڑھتے رجحان کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے جس میں کئی بین الاقوامی خواتین ٹیموں کی شرکت دیکھنے کو ملے گی، اس کا مقصد عالمی سطح پر خواتین کے کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کے لیے یو اے ای کی پوزیشن کو مستحکم کرنا ہے۔

یو اے ای ٹوور کا ساتواں ایڈیشن، جو کہ مشرق وسطیٰ میں یو سی آئی ورلڈ ٹوور سیریز کی واحد بین الاقوامی سائیکلنگ ریس ہے 17 تا 23 فروری منعقد ہوگی۔ یہ ریس سات مختلف مراحل پر مشتمل ہوگی جن میں پہاڑی، صحرائی اور شہری راستے شامل ہیں جو یو اے ای کی جغرافیائی اور ثقافتی تنوع کی عکاسی کرتے ہیں ۔ یہ ایونٹ ملک کے منفرد سیاحتی مقامات کو فروغ دینے اور اس کے جدید ترین انفراسٹرکچر کو دنیا کے بڑے کھیلوں کے ایونٹس کی میزبانی کے لیے موزوں ثابت کرنے کا اہم موقع فراہم کرتا ہے۔