اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):حکومتِ پاکستان اور حکومتِ امریکہ نے نیویارک میں روزویلٹ ہوٹل کی آپریشن، دیکھ بھال، تجدید اور ترقی کے حوالے سے اہم اقتصادی اور سٹریٹجک منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، منصوبے میں امریکہ کی جنرل سروسز ایڈمنسٹریشن (جی ایس اے) کے ساتھ تعاون بھی شامل ہے۔ اس معاہدے کی بات چیت اور نگرانی امریکی خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف نے صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی قیادت …
روزویلٹ ہوٹل نیویارک پر پاکستان۔امریکہ پیش رفت، تعاون فریم ورک پر مبنی مفاہمتی یاداشت پر دستخط
اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):حکومتِ پاکستان اور حکومتِ امریکہ نے نیویارک میں روزویلٹ ہوٹل کی آپریشن، دیکھ بھال، تجدید اور ترقی کے حوالے سے اہم اقتصادی اور سٹریٹجک منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، منصوبے میں امریکہ کی جنرل سروسز ایڈمنسٹریشن (جی ایس اے) کے ساتھ تعاون بھی شامل ہے۔ اس معاہدے کی بات چیت اور نگرانی امریکی خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف نے صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی قیادت میں کی۔وزارت خزانہ کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق اس تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے دونوں حکومتوں نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
دستاویز پر امریکہ کی جانب سےجی ایس اے کےایڈمنسٹریٹر ایڈورڈ سی فورسٹ اور پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نےدستخط کیے۔ اس موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور امریکی خصوصی نمائندہ اسٹیو وٹکوف بھی موجود تھے۔مفاہمت کی دستاویزکی بدولت دو طرفہ تعاون کے تکنیکی، تجارتی اور اقتصادی پہلوؤں کے مشترکہ جائزے کے لیے ایک منظم اور وقت کے لحاظ سے پابند فریم ورک دستیاب ہو گا جس سے شفاف، منظم اور باہمی مفاد پر مبنی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
واضح رہے کہ روزویلٹ ہوٹل مین ہیٹن کے مرکزی علاقے میں واقع ہے اور نیویارک کے زوننگ اورپیچیدہ میونسپل قوانین کے پس منظر میں اس فریم ورک کے تحت ادارہ جاتی ہم آہنگی سے منصوبے پر عمل درآمد آسان ہو گا ، قوانین کی وضاحت بہتر ہوگی اور لین دین کی قیمت میں زیادہ سے زیادہ اضافہ ممکن ہوگا۔ ایسے فریم ورک بین الاقوامی رئیل اسٹیٹ اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں رائج ہیں۔منصوبے کا مقصد اس جائیداد سے زیادہ سے زیادہ مالی فائدہ حاصل کرنا ہے تاکہ حکومت کی نجکاری حکمت عملی کے ساتھ ساتھ پاکستان اور امریکہ کے اقتصادی تعلقات بھی مضبوط ہوں۔









