ماسکو۔30اکتوبر (اے پی پی):کورونا وائرس کے کیسز میں ریکارڈ اضافے کے بعد روس کے دارالحکومت ماسکو کو گیارہ دن کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ملک بھر میں نئی کورونا وائرس پابندیاں نافذ کر دی گئی ہیں ۔ماسکو میں تمام غیر ضروری سرگرمیاں گیارہ دن تک معطل کر دی گئی ہیں۔ماسکو میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 159 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جبکہ 40ہزار251 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔گیارہ دنوں کے دوران صرف کھانے پینے، ادویات اور دیگر اشیا ضرورت کی دکانیں کھلی رہیں گی جبکہ کیفیز میں بیٹھنے کے بجائے کھانا صرف خریدا جا سکتا ہے۔
صدر ولادیمیر پوتن کی حکومت کو امید تھی کہ روس کی بنائی گئی سپوتنک ویکسین کورونا کے خلاف کار آمد ثابت ہوگی، لیکن روسی عوام ویکسین لگوانے کی مخالفت کرتے رہے ۔ حکومتی اعدادوشمار کے مطابق، صرف 32.5 فیصد آبادی کو مکمل طور پر ویکسین کی خوراکیں دی گئی ہیں۔ جمعرات تک کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا تو صرف روس کی 32 فی صد آبادی کو مکمل ویکسین لگ چکی ہے۔گیارہ دنوں کی بندش کے دوران حکومت نے شہریوں کو گھروں تک محدود رہنے کا پابند نہیں کیا ہے۔
روس کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر اور نرسیں مریضوں کا خصوصی ہسپتالوں میں علاج کرنے کے لیے تیارر ہیں۔ واضح رہے کہ کورونا کیسز میں کمی لانے کی غرض سے گزشتہ ہفتے صدر ولادیمیر پوتن نے 30 اکتوبر سے 7 نومبر تک ملک بھر میں تنخواہ سمیت چھٹیوں کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ روس میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 84 لاکھ72 ہزار797 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 23 لاکھ7 ہزار380 تک پہنچ گئی ہے اور صحت یاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 73لاکھ 31ہزار424ہوگئی ہے ۔