ماسکو ۔2نومبر (اے پی پی):روس کی مکئی کی برآمدات میں جولائی سے اکتوبر کے دوران چار گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مقامی میڈیا نے جمعرات کو رپورٹ کیا کہ روس سے زرعی سال 2023- 2024 کے پہلے چار مہینوں میں مکئی کی برآمدات تقریباً چار گنا بڑھا کر 1.12 ملین میٹرک ٹن تک پہنچ گئیں ۔ ملکی اناج یونین کے مطابق روسی مکئی کے اہم خریدار ایران، ترکی، ویتنام اور چین تھے، جنہوں نے گزشتہ سیزن کی اسی مدت کے مقابلے میں اپنی درآمدات میں نمایاں اضافہ کیا۔
گزشتہ چار مہینوں میں روس نے 26.5 ملین ٹن اناج برآمد کیا جس میں 22.4 ملین ٹن گندم بھی شامل ہے جو گزشتہ سیزن کی اسی مدت کے مقابلے میں 32 فیصد زیادہ ہے۔ تاہم اکتوبر میں اناج کی برآمدات میں سال بہ سال معمولی کمی واقع ہوئی جس کی بنیادی وجہ گندم اور جو کی کم ترسیل تھی۔