واشنگٹن۔ 28 مارچ (اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وینزویلا سے اپنے فوجی دستے فوری واپس بلائے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق وائٹ ہاﺅس میں وینزویلا کے خود ساختہ عبوری صدر حزبِ اختلاف کے رہنما ہووین گوئیڈو کی اہلیہ فیبیانا روزالیز سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ روس کو وینزویلا سے جانا ہوگا۔ایک صحافی کے اس سوال پر کہ امریکا کس طرح روسی فوج کو وینزویلا سے انخلاءپر مجبور کرے گا۔ صدر نے کہا کہ ہم دیکھیں گے، اس بارے میںتمام آپشن کھلے ہیں۔ ادھر روس کی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے کہا ہے کہ امریکا وینزویلا سے روسی فوج کی واپسی کا مطالبہ کرنے سے قبل شام سے اپنے فوجی دستے واپس بلائے۔ روس کے سرکاری ٹی وی ‘چینل ون’ سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ کسی اور ملک کو کسی اور جگہ سے انخلاءکا مشورہ دینے سے قبل امریکا کو خود اپنے مطالبات پر عمل کرنا چاہیے اور بطور خاص شام سے اپنی فوج واپس بلانی چاہیے۔