روس-چین شراکت داری اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید گہرا کیا جائے گا، روسی صدر

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ روس چین شراکت داری اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید گہرا کیا جائے گا۔

بیجنگ۔19مئی (اے پی پی):روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ روس چین شراکت داری اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید گہرا کیا جائے گا۔ چینی میڈیا کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے چین کے سرکاری دورے سے قبل اپنے وڈیو خطاب میں کہا کہ روس چاہتا ہے کہ روس اور چین کے عوام کے درمیان تعلقات مزید قریبی ہوں اور دونوں قومیں ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔پیوٹن نے کہا کہ روس اور چین باہمی شراکت داری اور ہمسائیگی کے دوستانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے مشترکہ طور پر ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے تاکہ دونوں ممالک کی خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے، دونوں عوام کو فائدہ پہنچے اور عالمی امن و استحکام کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق پیچیدہ اور غیر یقینی بین الاقوامی صورتحال کے باوجود چین اور روس کے درمیان جامع سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری اعلیٰ سطح پر برقرار ہے۔ چین اور روس کی اعلیٰ قیادت کے درمیان ہونے والی اس تازہ ملاقات سے آئندہ مرحلے میں دوطرفہ تعلقات اور عملی تعاون کے لیے سٹریٹجک منصوبہ بندی اور اعلیٰ سطحی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ جیسے جیسے عالمی صورتحال مزید غیر مستحکم ہو رہی ہے، چین اور روس کے تعلقات کی پختگی اور استحکام کی خصوصیات زیادہ نمایاں ہو رہی ہیں، جبکہ سٹریٹجک تعاون اور ہمہ جہت شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت بھی پہلے سے زیادہ اہم ہوتی جا رہی ہے۔