روس یوکرین تنازع، پاکستان کا فوری جنگ بندی اور مذاکراتی عمل کی بحالی کا مطالبہ

پاکستان نے روس یوکرین کے تنازع کے خاتمے کے لیے فوری جنگ بندی اور مذاکراتی عمل کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے

اقوام متحدہ ۔23جون (اے پی پی):پاکستان نے روس یوکرین کے تنازع کے خاتمے کے لیے فوری جنگ بندی اور مذاکراتی عمل کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔بی بی سی کےمطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یوکرین کے معاملے پر سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کے نائب مستقل نمائندے اور سفیر عثمان جدون نے افسوس کا اظہار کیا کہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے مثبت پیشرفت نہیں ہو رہی جس کی وجہ سے یہ تنازع مزید شدت اختیار کر رہا ہے۔پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی سفیر نے روشنی ڈالی کہ جنگ کی وجہ سے عام شہریوں اور شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ رہا ہے۔بیان کے مطابق یوکرین تنازع کے حل کے لیے پاکستان نے کشیدگی میں فوری کمی اور تعمیری سفارت کاری پر زور دیا۔پریس ریلیز کے مطابق پاکستان یوکرین تنازع کے پرامن حل کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور ہر اس کوشش کی حمایت کرتا ہے جو اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور تمام فریقین کے جائز قومی سلامتی کے مفادات کو مدنظر رکھے۔