روڈ سیفٹی کے لیے جامع انداز اپنانے کی ضرورت ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

اقوام متحدہ۔1جولائی (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے روڈ سیفٹی کے لیے جامع انداز اختیارکرنے پر زور دیا ہے۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز جنرل اسمبلی میں روڈ سیفٹی کو بہتر بنانے کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطح کے اجلاس میں کہا کہ ٹریفک حادثات شاہراہوں کے ناقص انفراسٹرکچر، غیر منصفانہ منصوبہ بندی ، کمزور سماجی تحفظ اور سڑکوں کی محدود مرمت کی وجہ سے ہیں۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ غیر محفوظ سڑکیں ترقی کی راہ میں ایک اہم رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ایجنسیوں نے 2030 تک شاہراہوں پر ہونے والے حادثات کوکم کرنے کے اہداف مقرر کیے ہیں اور ان اہداف کے حصول کے لیے فنانسنگ میں اضافہ کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں روڈ سیفٹی کے لیے زیادہ جامع انداز اپنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی پالیسیوں میں روڈ سیفٹی کو بہتر طور پر مربوط کرنے ، تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ ، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے ، زمین کے استعمال کی منصوبہ بندی اور آفات سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے چاہیے۔

سیکرٹری جنرل نے تمام رکن ممالک سے اپیل کی کہ وہ اقوام متحدہ کے روڈ سیفٹی کنونشنز کو تسلیم کریں اور حادثات کی روک تھام کے مضبوط طریقہ کار کو اپناتے ہوئے ایکشن پلان پر عمل درآمد کریں۔ انہوں نے تمام ڈونر ممالک پر زوردیا کہ وہ اقوام متحدہ کے روڈ سیفٹی فنڈاور تکنیکی تعاون میں مزید اضافہ کریں تاکہ محفوظ شاہراہوں کی بدولت ٹریفک حادثات سے بچا جاسکے۔