انٹرنیشنل ریسرچ کونسل برائے مذہبی امور اورپاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ( پی پی اے ایف )کے زیراہتمام ایک روزہ کانفرنس کل (منگل) گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوگی۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی گورنر فیصل کریم کنڈی ہونگے ۔
ریاستی پالیسیوں، امن اور عوامی آگہی پر غور، پشاور میں ایک روزہ کانفرنس کل منعقد ہوگی

مزید خبریں
پشاور ۔6اپریل (اے پی پی):انٹرنیشنل ریسرچ کونسل برائے مذہبی امور اورپاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ( پی پی اے ایف )کے زیراہتمام ایک روزہ کانفرنس کل (منگل) گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوگی۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی گورنر فیصل کریم کنڈی ہونگے ۔ کانفرنس کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے انٹرنیشنل ریسرچ کونسل کے صدر محمد اسرار مدنی نے کہا کہ ریاست اور سماج کے درمیان مکالمہ اس دور کی اہم ترین ضرورت ہے ، خصوصا ًجیو پولیٹیکل حالات کی تیزی سے تبدیلی ، فیک نیوز اور پروپیگنڈہ سے بچنے ، ریاستی پالیسیوں کو سمجھنے اور مستند ذرائع پر اعتماد کرنے ، عالمی سطح پر پاکستان کے موقف ، ثالثی ، سفارتکاری اور حل تنازعات کی پوری دنیا میں تحسین و تائید کے باوجود عوامی آگہی وقت کی ضرورت ہے۔
نیز وہ کون سی وجوہات ہیں جن کی وجہ سے ریاست اور عوام کا تعلق کمزور ہوتا جارہا ہے اور ایسے کونسے اقدامات کئے جائیں جس سے ریاست اور سماج کے درمیان باہمی اعتماد، امن اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ امن، ہم آہنگی اور مضبوط ریاستی اور عوامی تعلق کے بغیر خطے کی ترقی ممکن نہیں ہے۔ فیوچر انویسٹمنٹ کیلئے وفاق اور صوبوں کی ہم آہنگی ، نوجوانوں کی معاشی اور سماجی سرگرمیوں اور شمولیت سے معاشی ترقی ، خود اعتمادی اور غربت کے خاتمے کا سفر شروع ہوگا ۔
کانفرنس میں اس بات پر بھی غور کیا جائے گا کہ قومی بیانیے کو مضبوط بنانے کے لیے بیرونی اثرات سے ہٹ کر مقامی مسائل اور ترجیحات پر توجہ مرکوز کی جائے اور قومی اداروں کے ساتھ اشتراک عمل کو فروغ دیا جائے تاکہ ریاست اور سماج کے درمیان مضبوط تعلق قائم ہو سکے۔ کانفرنس میں وفاق اور صوبے کے نمائندوں ، دانشوروں ، مذہبی اور سیاسی شخصیات سمیت قبائلی جرگے اور نوجوانوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔








