ریاض۔20اپریل (اے پی پی):سعودی عرب کے دار الحکومت ریاض میں پیر کے روز بیوٹی ورلڈ سعودی عرب ایگزیبیوشن کا انعقاد ہوگا۔سبق ویب سائٹ کے مطابق انٹر نیشنل کنونشن اینڈ ایگزیبیوشن سینٹر میں 21 سے 23 اپریل تک جاری رہنے والا یہ ایونٹ عالمی سطح پر خوبصورتی اور بالوں کی نگہداشت کی صنعت سے وابستہ حلقوں کی وسیع توجہ حاصل کر رہا ہے۔
یہ نمائش مشرقِ وسطیٰ میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی اور بین الاقوامی سطح پر سب سے نمایاں سمجھی جاتی ہے جس میں 42 ممالک سے 400 سے زائد نمائش کنندگان شرکت کریں گے۔توقع ہے کہ یہ ایونٹ 13 ہزار سے زائد ماہرین کو اپنی طرف متوجہ کرے گا۔
نمائش میں چار مرکزی زونز شامل ہوں گےجن میں ہیئر سیلون کے آلات، مصنوعی بالوں کی مصنوعات، ذاتی نگہداشت کی اشیا اور سیلون کی تیاری سے متعلقہ سازوسامان شامل ہیں۔نمائش میں پیش کی جانے والی مصنوعات میں سے 35 فیصد حصہ جدید اور اختراعی اشیا پر مشتمل ہوگا جن میں سمارٹ ڈائنگ مشینز، نباتاتی (پلانٹ بیسڈ) ہیئر کلرز اور تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی سے تیار کردہ وگز شامل ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584671