ریبیز کے بچائو کیلئے حکومتِ سندھ تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے،شرجیل انعام میمن

سینئرصوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے ورلڈ ریبیز ڈے کے موقع پرکہا ہے کہ ریبیز کے بچائو کیلئے حکومتِ سندھ تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے

کراچی۔ 28 ستمبر (اے پی پی):سینئر صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے ورلڈ ریبیز ڈے کے موقع پرکہا ہے کہ ریبیز کے بچائو کیلئے حکومتِ سندھ تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ عوام کتے کے کاٹنے یا زخم کو کسی بھی صورت معمولی نہ سمجھیں، فوری طور ویکسین کروائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ نے صوبے بھر میں ریبیز کے کنٹرول کیلئے جامع حکمتِ عملی ترتیب دی ہے، صوبے کے سرکاری ہسپتالوں اور رورل ہیلتھ سینٹرز میں اینٹی ریبیز ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریبیز کے پھیلائو کو روکنے کیلئے جدید طریقوں پر عمل کیا جا رہا ہے، کتے یا کسی بھی ربیڈ جانور کے کاٹنے کی صورت میں عوام غفلت برتنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ طبی ماہرین اور عوام کے تعاون سے صوبے کو ریبیز سے پاک بنانے کے لیے کوشاں ہے۔