ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب حب ریجن ظفر اقبال خان نے نوائے پرائمری اسکول حب کا اچانک دورہ کیا

ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب حب ریجن ظفر اقبال خان نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ساجد بلوچ اور ریڈر محتسب آفس حضور بخش کے ہمراہ نوائے پرائمری اسکول حب کا اچانک دورہ کیا

حب۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب حب ریجن ظفر اقبال خان نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ساجد بلوچ اور ریڈر محتسب آفس حضور بخش کے ہمراہ نوائے پرائمری اسکول حب کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسکول میں جاری تعلیمی سرگرمیوں، طلبہ کی حاضری، کلاس رومز اور دستیاب بنیادی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا دورانِ دورہ ریجنل ڈائریکٹر نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور تدریسی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے اسکول کے تعلیمی ماحول، طلبہ کی موجودگی اور اساتذہ کی کارکردگی کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ سے تعلیمی امور اور طلبہ کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی تفصیلی گفتگو کی۔

اس موقع پر اسکول کے ہیڈ ماسٹر نے ریجنل ڈائریکٹر کو اسکول کی نامکمل عمارت، پانی کے بور اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا ۔ہیڈ ماسٹر نے بتایا کہ نامکمل تعمیراتی کام اور پانی کی عدم دستیابی کے باعث اسکول انتظامیہ اور طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ریجنل ڈائریکٹر ظفر اقبال خان نے اسکول انتظامیہ کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل کو غور سے سنا اور متعلقہ امور کے حل کے لیے ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائی اس سلسلے میں صوبائی محتسب حب ریجن کی جانب سے متعلقہ حکام کو باضابطہ خطوط ارسال کرتے ہوئے نامکمل تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے اور پانی کے مسئلے کے حل کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی۔

 

مزید خبریں