ریسکیو 1122ڈیرہ کی2023 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری

136

ڈیرہ اسماعیل خان۔ 01 جنوری (اے پی پی):ریسکیو 1122ڈیرہ نے 2023 نے سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے ،ریسکیو 1122ڈیرہ کے میڈیا کورآڈینیٹر اعزاز محمود کی جاری رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اویس بابر کی قیادت میں ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ریسکیو 1122 نے سال 2023 میں 6788مختلف قسم کے حادثات میں بروقت رسپانس کرتے ہوئے عوام کو ایمرجنسی کے دوران سہولیات فراہم کیں۔

ریسکیو1122ڈیرہ کو مجموعی طور پر 1326742فون کالز موصول ہوئیں جن میں 6788 ایمرجنسی کالز، 458605معلوماتی کالز اور 861349ادھوری، غیر ضروری اور فیک کالز شامل تھیں ،اس دوران ریسکیو 1122نے 4994 میڈیکل، 1378روڈ ٹریفک حادثات، 177 آگ لگنے، 126 لڑائی جھگڑے اور گولی لگنے، 04 عمارت گرنے ،06 سلینڈر پھٹنے اور دھماکہ وغیرہ ہونے کے ، 18 ڈوبنے اور 85 مختلف قسم کے اور ریکوری کے واقعات پر بروقت رسپانس کرتے ہوئے مجموعی طور پر 6791مریضوں کو بحفاظت ہسپتال منتقل کیا اور موقع پر طبی امداد و سہولیات فراہم کیں۔

اس کے علاوہ ریسکیو 1122ڈیرہ نے آوٹ ڈسٹرکٹ ریفرل سروس کے ذریعہ سے کل 777 ایمرجنسیوں پر رسپانس کرتے ہوئے 1131 مریضوں کو اندرون ضلع ایک تحصیل ہیڈ کوارٹر یا ٹائپ ڈی ہسپتال سے ڈی ایچ کیو ڈیرہ ہسپتال منتقل کیا جبکہ 97 واقعات میں ڈی ایچ کیو ڈیرہ سے پشاور، اسلام آباد اور ملتان منتقل کیا

جس میں 97 مریض بالکل مفت مستفید ہوئے۔اس دوران ریسکیو1122 ڈیرہ کا سال 2023 کے دوران اوسط رسپانس ٹائم 7 منٹ رہا۔ گزشتہ سال میں ریسکیو1122 ڈیرہ کی ٹریننگ وننگ ٹیم نے مختلف سکول، کالج، یونیورسٹیوں اور پاک آرمی سمیت مختلف کمیونٹیز کو بی ایل ایس، ابتدائی امداد ، آگ سے بچائو، حادثات کے دوران تلاش اور بچا ئواور ریسکیو1122 کے متعلق آگاہی کے متعلق ہزاروں افراد کو تربیت و آگاہی فراہم کی۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اویس بابر کی نگرانی میں ضلع بھر کی مختلف تحصیلوں جیسے کہ تحصیل کلاچی، تحصیل درابن اور تحصیل پہاڑپور میں جلد ریسکیو1122 سروسز کا آغاز کرنے کے لئے اسٹیشنوں پر کام جاری کر دیا ہے جو کہ مستقبل قریب میں ضلع بھر میں ریسکیو1122 سروسز کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے اور سروس کو مزید پھیلانے میں مددگار ثابت ہوگا۔