ریسکیو 1122 سرگودھا کی جانب سے 1098 طلبہ کی رجسٹریشن و آن لائن ٹیسٹ کے بعد عملی سی پی آر ٹریننگ مکمل

ورلڈ فرسٹ ایڈ ڈے کے موقع پر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 سرگودھا نے نوجوانوں میں ابتدائی طبی امداد کی مہارتوں کے لیے خصوصی تربیتی سرگرمی کا انعقاد کیا

سرگودھا۔ 14 ستمبر (اے پی پی):ورلڈ فرسٹ ایڈ ڈے کے موقع پر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 سرگودھا نے نوجوانوں میں ابتدائی طبی امداد کی مہارتوں کے لیے خصوصی تربیتی سرگرمی کا انعقاد کیا۔ اس سلسلے میں ضلع بھر سے 1098 طلبہ کو رجسٹرڈ کیا گیا، جنہوں نے فرسٹ ایڈ سے متعلق آن لائن ٹیسٹ کامیابی سے پاس کیا، جس کے بعد انہیں عملی سی پی آرٹریننگ فراہم کی گئی۔ریسکیو 1122 کے تربیت یافتہ انسٹرکٹرز نے طلبہ کوسی پی آرکی عملی مشق کروائی اور ہنگامی صورتحال میں بروقت، محفوظ اور موثر ابتدائی ردِعمل کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ اس سرگرمی کا مقصد نوجوانوں کو بنیادی جان بچانے والی مہارتوں سے آراستہ کرکے انہیں کسی بھی ایمرجنسی میں پیشہ ورانہ مدد پہنچنے تک موثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا تھا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مظہر شاہ نے کہا کہ ابتدائی طبی امداد کی تربیت صرف ایک مہارت نہیں بلکہ معاشرتی ذمہ داری ہے۔ طلبہ اور نوجوانوں کو سی پی آر اور فرسٹ ایڈ کی عملی تربیت دے کر ایسے ذمہ دار شہری تیار کیے جا سکتے ہیں جو ہنگامی صورتحال میں درست اور بروقت ردِعمل دے کر قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ریسکیو 1122 محفوظ معاشرے کے قیام اور کمیونٹی بالخصوص نوجوان نسل میں فرسٹ ایڈ اور جان بچانے والی عملی مہارتوں کے فروغ کے لیے اپنی تربیتی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔