لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار کا پاکستان مونومنٹ اور پولیس لائنز کا دورہ، یادگار شہداء پر حاضری اور پریڈ کا معائنہ

لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پاکستان مونومنٹ اور اسلام آباد پولیس لائنز کا دورہ کیا۔

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پاکستان مونومنٹ اور اسلام آباد پولیس لائنز کا دورہ کیا۔

پاکستان مونومنٹ آمد پر فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ لبنانی وزیر داخلہ نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہیں مونومنٹ کی تاریخی و قومی اہمیت پر بریفنگ دی گئی جس پر انہوں نے یادگار کے تاریخی پس منظر اور خوبصورت طرز تعمیر کی تعریف کی۔

بعد ازاں اسلام آباد پولیس لائنز میں لبنانی وزیر داخلہ کے اعزاز میں ایک خصوصی پریڈ کا انعقاد کیا گیا جہاں پولیس کے دستے نے انہیں سلامی پیش کی اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ احمد الحجار نے پریڈ کا معائنہ کیا اور پولیس جوانوں کے نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ معیار کو سراہتے ہوئے نمایاں کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی ریاض نذیر گاڑا، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

مزید خبریں