سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، چیف ٹریفک آفیسر محمد نبیل کھوکھر

چیف ٹریفک آفیسر ملتان محمد نبیل کھوکھر نے کہا ہے کہ شہری ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ حادثات سے محفوظ رہنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی بھی برقرار رکھی جا سکے۔

ملتان۔ 14 ستمبر (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر ملتان محمد نبیل کھوکھر نے کہا ہے کہ شہری ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ حادثات سے محفوظ رہنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی بھی برقرار رکھی جا سکے۔ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد شہریوں کی اپنی حفاظت اور محفوظ سفر کے لیے انتہائی ضروری ہے۔اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملتان میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف مقامات پر ٹریفک سگنلز کو فعال کیا جا رہا ہے۔ چونگی نمبر 9، عیدگاہ اور سیداں بائی پاس سمیت مختلف مقامات پر ٹریفک سگنل نظام فعال ہے جبکہ ایس پی چوک اور نشتر چوک پر بھی کام جاری ہے، جو ایم ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے جلد فعال کر دیے جائیں گے۔محمد نبیل کھوکھر نے کہا کہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق شہریوں میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے مختلف سکولوں اور کالجوں میں آگاہی پروگرامز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں طلبہ کو ٹریفک قوانین، سڑک پر محفوظ سفر اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ سے متعلق آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ کا استعمال انتہائی ضروری ہے کیونکہ حادثے کی صورت میں ہیلمٹ سر کو شدید چوٹ سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ سر انسانی جسم کا اہم ترین حصہ ہے اور حادثے کے دوران سر پر لگنے والی چوٹ سنگین نقصان کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے شہری موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں۔چیف ٹریفک آفیسر نے بتایا کہ گزشتہ 10 سے 15 سال کے دوران ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ملتان میں بڑی تعداد میں موٹر سائیکلیں اور رکشے رجسٹرڈ کیے گئے ہیں، جن کی تعداد تقریباً 17 لاکھ تک بتائی جاتی ہے۔ موٹر سائیکلوں اور رکشوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق جرمانے اور دیگر کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے، جبکہ سنگین نوعیت کی خلاف ورزیوں پر مقدمات بھی درج کیے جاتے ہیں۔ ٹریفک پولیس کا مقصد صرف جرمانے کرنا نہیں بلکہ شہریوں کو قوانین کی پابندی کی ترغیب دے کر محفوظ ٹریفک ماحول فراہم کرنا ہے۔محمد نبیل کھوکھر نے کہا کہ ملتان میں خواتین کی جانب سے سکوٹیز کے استعمال میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ خواتین کو بااختیار بنانے اور ان میں اعتماد پیدا کرنے کے لیے ٹریفک پولیس کی جانب سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ ٹریفک قوانین سے مکمل طور پر آگاہ ہوں اور سڑکوں پر محفوظ انداز میں سفر کر سکیں۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ لازمی پہنیں، مقررہ رفتار کی پابندی کریں اور سڑک استعمال کرتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔