ریسکیو 1122 مردان کے تمام سٹیشنز میں ریفریشر کلاسز جاری

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رفیع اللہ مروت کی ہدایت پر ضلع مردان کے تمام ریسکیو سٹیشنز میں ریفریشر کلاسز کا سلسلہ جاری ہے۔

پشاور۔ 10 جولائی (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رفیع اللہ مروت کی ہدایت پر ضلع مردان کے تمام ریسکیو سٹیشنز میں ریفریشر کلاسز کا سلسلہ جاری ہے۔ترجمان ریسکیو 1122 مردان کےمطابق ٹریننگ ونگ کی جانب سے فراہم کردہ کورس اور خصوصی نگرانی میں منعقدہ ان تربیتی سیشنز کا مقصد اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرنا اور قدرتی آفات و ہنگامی حالات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لئے جدید مہارتوں سے آگاہ کرنا ہے۔تربیتی کلاس میں سیلاب سے نمٹنے کے انتظامات، قبل از وقت وارننگ سسٹم، ممکنہ سیلابی خطرات کی نشاندہی، بروقت اطلاع رسانی، محفوظ انخلا، عوامی آگاہی اور سیلابی صورتحال میں ریسکیو آپریشنز کے طریقہ کار سے متعلق نظریاتی اور عملی تربیت فراہم کی گئی، تاکہ اہلکار کسی بھی ممکنہ سیلابی ایمرجنسی کے دوران بروقت، محفوظ اور مؤثر انداز میں امدادی کارروائیاں انجام دے سکیں۔