14.2 C
Islamabad
ہفتہ, مارچ 15, 2025
ہومقومی خبریںریلوے میں اصلاحات کا عمل تیز کر دیا،بروقت ٹرین آپریشن و سٹیشنز...

ریلوے میں اصلاحات کا عمل تیز کر دیا،بروقت ٹرین آپریشن و سٹیشنز پر صفائی کو یقینی بنایا جائیگا،محمد حنیف عباسی

- Advertisement -

لاہور۔15مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کو درپیش چیلنجز کے باوجود محکمہ کی بحالی، شفافیت اور ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، ریلوے کا چارج سنبھالے ابھی دس سے بارہ دن ہی ہوئے ہیں، محکمہ میں اصلاحات کا عمل تیز کر دیا گیا ہے، بروقت ٹرین آپریشن اور سٹیشنز پر صفائی و شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں ریلوے ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سی ای او ریلوے عامر عزیز بلوچ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے کے آغاز کا کئی بار اعلان ہو چکا ہے، اب اسے عملی شکل دی جائے گی۔ ریلوے پولیس اور انفراسٹرکچر کی خراب صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریلوے پولیس میں نفری کی کمی، خراب سکینرز اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی سے سکیورٹی کے مسائل بڑھ رہے ہیں تاہم محکمہ پولیس کی مکمل معاونت کی جائے گی، ریلوے سٹیشنز کی اپ گریڈیشن، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور کارگو سروسز کی بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے انجمن تاجران اور فیڈریشن چیمبر سمیت مختلف سٹیک ہولڈرز سے ملاقات کی، سب کا مطالبہ ہے کہ سستا کارگو فراہم کیا جائے۔

- Advertisement -

حنیف عباسی نے مزید کہا کہ جس طرح مسافر ٹرینوں کا ریونیو بڑھایاگیا، اب کارگو سروسز کو بھی سستا کر کے صنعت کاروں اور کاروباری طبقے کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ کراچی، فیصل آباد، راولپنڈی اور سکھر سمیت 13 مقامات پر قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کیا جائے گا، ریلوے سٹیشنز پر فلٹریشن پلانٹ نصب کئے جائیں گے جبکہ خواجہ سعد رفیق سے مشاورت کے بعد ریلوے کی بہتری کے لئے جامع حکمت عملی بھی تیار کی جا رہی ہے۔

سانحہ جعفر ایکسپریس کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا ایک بڑا دہشت گرد حملہ ہے جس میں 427 مسافروں کو نشانہ بنانے کی سازش ناکام بنائی گئی، پاک فوج کے کمانڈوز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کسی بھی خودکش حملہ آور کو ٹرین کے اندر پھٹنے نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کو متحد ہونا ہوگا، دشمن پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشیں کر رہا ہے، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں جاری کارروائیاں اس سازش کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے دشمن خائف اور اسے ناکام بنانے کیلئے رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں، ہم معاشی طور پر مستحکم ہو رہے ہیں، باغیوں اور دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، پاکستان کے دشمن افغانستان میں بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت پاکستان کو عراق اور شام کی طرز پر کمزور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے،کوئٹہ سانحہ کے ریلوے اور پولیس شہدا کے لواحقین کو فی کس52 لاکھ روپے دیئے جائیں گے جبکہ ان کے بچوں کو ریلوے میں ملازمت بھی فراہم کی جائے گی، ریلوے پولیس کانسٹیبل کا سکیل پنجاب پولیس کے برابر کر دیا گیا ہے۔سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سانحہ جعفر ایکسپریس پر بعض سیاسی عناصر نے وہی زبان استعمال کی جو بھارت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر قومی سلامتی کیلئے متحد ہونا وقت کی ضرورت ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572940

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں