ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ کی تکمیل سے شہریوں کو جدید سفری سہولیات میسر آ ئیں گی، شرجیل انعام میمن

حکومت سندھ نے کراچی کی ٹریفک میں بہتری اور شہریوں کو جلد از جلد ریلیف فراہم کرنے کیلئے یونیورسٹی روڈ کی مکسڈ ٹریفک لین جلد کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے

کراچی۔ 17 جولائی (اے پی پی):حکومت سندھ نے کراچی کی ٹریفک میں بہتری اور شہریوں کو جلد از جلد ریلیف فراہم کرنے کیلئے یونیورسٹی روڈ کی مکسڈ ٹریفک لین جلد کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس فیصلے کا اعلان سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے سے متعلق ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں منصوبے پر جاری تعمیراتی کاموں اور مجموعی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹرانس کراچی زبیر چنہ، منصوبے کے کنسلٹنٹس اور متعلقہ اداروں کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران منصوبے کے مختلف سیکشنز پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں، درپیش چیلنجز اور ان کے فوری حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

حکام نے بتایا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور مختلف حصوں پر پیش رفت کو مزید تیز کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور موثر ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ کراچی کے عوام کے لیے ایک اہم اور انقلابی سفری منصوبہ ہے، جس کی بروقت تکمیل حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے مقررہ مدت کے اندر منصوبہ مکمل کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کریں تاکہ شہریوں کو جلد از جلد جدید سفری سہولیات میسر آ سکیں۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ شہریوں کو بہتر، محفوظ، جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کی تکمیل سے کراچی میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ نظام کو فروغ ملے گا، ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور لاکھوں شہریوں کو معیاری، آرام دہ اور پائیدار سفری سہولیات میسر آئیں گی۔