وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی خصوصی ہدایات پر صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے ضلع ایبٹ آباد کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے کوریا حکومت کے تعاون سے جاری کوئیکا (KOICA ) واٹر سپلائی منصوبے کا سائٹ دورہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں، پیش رفت اور مختلف اجزاء کا تفصیلی جائزہ لیا
عوام کو معیاری پینے کے صاف پانی کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے،فضل شکور

مزید خبریں
پشاور۔ 17 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی خصوصی ہدایات پر صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے ضلع ایبٹ آباد کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے کوریا حکومت کے تعاون سے جاری کوئیکا (KOICA ) واٹر سپلائی منصوبے کا سائٹ دورہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں، پیش رفت اور مختلف اجزاء کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے موقع پر ارکان صوبائی اسمبلی افتخار احمد جدون اور مشتاق احمد غنی، چیف انجینئر ایسٹ سہیل احمد خان، پراجیکٹ ڈائریکٹر KOICA شاہد محمود، ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ایبٹ آباد، متعلقہ انجینئرز اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر صوبائی وزیر کو منصوبے کی مجموعی پیش رفت، مختلف تعمیراتی مراحل، تکنیکی پہلوؤں، مقررہ اہداف، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبہ ایبٹ آباد کے شہریوں کو پینے کے صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس کی تکمیل سے پانی کی دستیابی میں نمایاں بہتری آئے گی۔صوبائی وزیر فضل شکور خان نے منصوبے کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ منصوبے کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور تمام تعمیراتی کام متعلقہ انجینئرنگ معیارات اور تکنیکی تقاضوں کے مطابق مکمل کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ پینے کے صاف پانی کی فراہمی موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ایسے ترقیاتی منصوبے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام اختیار کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے، تمام رکاوٹوں کو بروقت دور کیا جائے اور منصوبے کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام جلد از جلد اس کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ منصوبے کے ہر مرحلے کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے، تعمیراتی معیار کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے اور عوامی مفاد کے اس اہم منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔








