ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیرِ صدارت ریونیو افسران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع نصیرآباد میں زرعی انکم ٹیکس، عشر، آبیانہ اور دیگر سرکاری واجبات کی وصولی سمیت ریونیو سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا
زرعی انکم ٹیکس، عشر،آبیانہ اورسرکاری واجبات کی مدمیں زمینداروں پرواجب الادا بقایاجات کی وصولی کوہرممکن یقینی بنایا جائے،ڈپٹی کمشنر نصیرآباد

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 04 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیرِ صدارت ریونیو افسران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع نصیرآباد میں زرعی انکم ٹیکس، عشر، آبیانہ اور دیگر سرکاری واجبات کی وصولی سمیت ریونیو سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس کے دوران متعلقہ ریونیو افسران کی جانب سے ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کو زرعی انکم ٹیکس عشر اور آبیانہ کی مد میں زمینداروں پر واجب الادا بقایاجات اب تک ہونے والی وصولی اور مقررہ اہداف کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ افسران نے وصولی کے عمل میں درپیش مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل نے ریونیو افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے مقررہ ریونیو اہداف کا حصول ضلعی انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے ۔ زرعی انکم ٹیکس، عشر، آبیانہ اور دیگر سرکاری واجبات کی مد میں زمینداروں پر واجب الادا بقایاجات کی وصولی کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے ۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ مقررہ ریونیو ہدف کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور بقایاجات کی وصولی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو ریکارڈ کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ رکھا جائے اور واجبات کی وصولی میں کسی قسم کی سستی یا غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ریونیو افسران فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور متعلقہ زمینداروں سے رابطہ کرکے سرکاری واجبات کی بروقت ادائیگی کے حوالے سے انہیں آگاہی فراہم کریں ۔اجلاس میں ریونیو سے متعلق دیگر امور بقایاجات کی وصولی میں حائل رکاوٹوں اور ان کے حل کے حوالے سے بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا جبکہ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مقررہ اہداف کے حصول کے لیے مربوط حکمتِ عملی کے تحت مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں۔








