فیصل آباد۔ 22 مارچ (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں عالمی یوم آب کے حوالے سے آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء کو پانی کی بچت اور صاف پانی کے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔
وائس چانسلر ڈاکٹراقرار احمد خاں کی ہدایت پر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، پاک کوریا نیوٹریشن سنٹر اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اشتراک سے تقریب کا انعقاد فوڈ سائنس آڈیٹوریم میں ہوا۔ پرووائس چانسلر/ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنا کر متعدد بیماریوں پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام میں پانی کی بچت اور اس کی اہمیت کے متعلق شعور بیدار کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں پانی کا بے دریغ استعمال عام ہے جس کی روک تھام کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔ ڈین فوڈ سائنسز ڈاکٹر مسعود صادق بٹ نے کہا کہ صاف پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے معاشرے میں پیٹ کی بیماریوں اور متعدد صحت عامہ کے مسائل ہمارے لئے ایک چیلنج کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمران پاشا نے کہا کہ ان کا ادارہ غذائیت کی کمی اور صحت عامہ پر جدید تحقیقات کے ساتھ ساتھ عام افراد میں آگاہی کیلئے بھی پروگرام کا انعقاد تسلسل سے کرتا رہتا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر محمد قاسم رضا، ڈاکٹر احمد دین، ڈاکٹر اللہ رکھا، ڈاکٹر عیسیٰ خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔