زمبابوے کے ہیڈ کوچ ڈیو ہوگٹن اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے

زمبابوے کے ہیڈ کوچ ڈیو ہوگٹن اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے

ہرارے۔20دسمبر (اے پی پی):زمبابوے کے ہیڈ کوچ ڈیو ہوگٹن نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکامی کے بعد اپنے عہدے سے استعفی دے دیا، زمبابوے کرکٹ بورڈ نے ہیوگٹن کا استعفی فوری طور پر منظور کرلیا۔

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ افریقہ ریجن کوالیفائر میں زمبابوے کی ناقص پرفارمنس کے بعد بورڈ نے لائیڈ میشی کی قیادت میں تین ممبرز پر مشتمل فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کی تھی جس کا مقصد ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے میں ناکامی کی وجوہات تلاش کرنا تھا۔

زمبایوین ٹیم کو افریقن کوالیفائر میں یوگنڈا اور نمیبیا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے وہ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی۔ ہیوگٹن نے اپنے استعفی میں کہا کہ میرے خیال میں ٹیم کو آگے لے جانے کے لئے اب نئے چہرے کی ضرورت ہے۔ 66 سالہ ہیوگٹن نے کہا کہ ہمیشہ زمبابوے کرکٹ کی دل سے کوچنگ کی، اب میرے سفر کا اختتام ہو رہا ہے، زمبابوے کرکٹ کے ساتھ دیگر شعبوں میں کام کرنے پر خوشی ہوگی۔