پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ (پی آئی ایم پی ڈی ) کے زیرِ تربیت پی ایم ایس افسران نے "سٹڈی ٹور پروگرام” کے تحت ریجنل پولیس آفس ڈیرہ غازی خان کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان محمد اظہر اکرم کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں کورس کے شرکاء نے شرکت کی
زیرِ تربیت پی ایم ایس افسران کا ریجنل پولیس آفس ڈیرہ غازی خان کا مطالعاتی دورہ

مزید خبریں
ڈیرہ غازی خان ۔ 25 اگست (اے پی پی):پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ (پی آئی ایم پی ڈی ) کے زیرِ تربیت پی ایم ایس افسران نے "سٹڈی ٹور پروگرام” کے تحت ریجنل پولیس آفس ڈیرہ غازی خان کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان محمد اظہر اکرم کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں کورس کے شرکاء نے شرکت کی۔منگل کو ترجمان ڈیرہ غازیخان پولیس کے مطابق آر پی او محمد اظہر اکرم نے زیرِ تربیت افسران کو ڈیرہ غازی خان ریجن کی جغرافیائی اہمیت، مجموعی امن و امان کی صورتحال، جرائم کے رجحانات اور پولیسنگ کے مختلف پہلوؤں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔آر پی او نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی سرحد پر سکیورٹی اقدامات، خوارجی دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیوں اور کچہ ایریا میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس آپریشنز میں حاصل ہونے والی کامیابیوں سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے جرائم کی روک تھام، جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پنجاب پولیس کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
محمد اظہر اکرم نے بتایا کہ کچہ اور کوہِ سلیمان کے پہاڑی و مضافاتی علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے سرنڈر کرنے سے امن کے ایک نئے سلسلے کا آغاز ہوا ہے۔ پنجاب پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قیامِ امن کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ وارانہ حکمتِ عملی کے ذریعے پولیسنگ کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ آر پی او نے زیرِ تربیت افسران پر زور دیا کہ ملازمت کو محض ڈیوٹی نہیں بلکہ خدمت اور عبادت سمجھ کر ادا کرنے کا عزم کریں اور اپنی تمام تر صلاحیتیں ملک و قوم کی خدمت اور ترقی کے لیے وقف کریں۔دورے کے دوران کورس کے شرکاء نے پولیسنگ، سکیورٹی اور امن و امان سے متعلق مختلف امور پر سوالات کیے اور آر پی او محمد اظہر اکرم سے تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا۔اس موقع پر زیرِ تربیت افسران کی جانب سے آر پی او محمد اظہر اکرم کو سووینئر پیش کیا گیا، جبکہ آر پی او ڈیرہ غازی خان نے بھی وفد کے سربراہ کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔
P








