افغانستان کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فراہم کئے جانے والے سامان کی بلا تعطل ترسیل میں پاکستان کسٹمز کی سہولت کاری پریونیسف کی تعریف

افغانستان کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فراہم کئے جانے والے سامان کی بلا تعطل ترسیل میں پاکستان کسٹمز کی سہولت کاری پریونیسف کی تعریف

اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):افغانستان کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فراہم کئے جانے والے سامان کی بلا تعطل ترسیل میں پاکستان کسٹمز کی سہولت کاری کو یونیسف کی جانب سے سراہا گیا ہے۔ منگل کو جاری بیان کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) کے وفد جس میں ڈپٹی نمائندہ (آپریشنز) مصطفیٰ دنیز اور ایسوسی ایٹ سپلائی اینڈ لاجسٹکس تنویر عاصم شامل تھے، نے ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹرانزٹ ٹریڈ، کراچی عرفان جاوید سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد افغانستان کے لئے روانہ کئے جانے والے یونیسف کے انسانی ہمدردی کے سامان کی ہموار اور بلا تعطل سہولت کاری پر اظہارِ تشکر کرنا تھا۔ملاقات کے دوران یونیسف کے وفد نے پاکستان کسٹمز کی جانب سے مؤثر رابطہ کاری اور سہولت کاری کو سراہا جس کے نتیجے میں پاکستان کے راستے افغانستان جانے والے انسانی ہمدردی کے سامان کی بروقت اور مؤثر ترسیل یقینی بنائی گئی۔

ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانزٹ ٹریڈ، کراچی نے ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانزٹ ٹریڈ، پشاور کے تعاون سے پاکستان کے زمینی راستے کے ذریعے یونیسف کے انسانی ہمدردی کے سامان پر مشتمل مجموعی طور پر 355 کنٹینرز کی ترسیل کی سہولت فراہم کی۔ مذکورہ ٹرانزٹ نقل و حرکت وزارتِ تجارت کے آفس میمورنڈم نمبر 1(2)/2014-AFG 10 جولائی 2026 اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے خط نمبر 1(9)TBT/2013 10 جولائی 2026 کے مطابق عمل میں لائی گئی جس کے تحت طورخم بارڈر کراسنگ پوائنٹ کے ذریعے افغانستان کے لیے انسانی ہمدردی کے سامان کی ٹرانزٹ نقل و حرکت کی اجازت دی گئی تھی۔یونیسف کے نمائندگان نے ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹرانزٹ ٹریڈ، کراچی سمیت ان تمام افسران اور اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مذکورہ کھیپ کی سہولت کاری میں اہم کردار ادا کیا۔

وفد نے بالخصوص ڈائریکٹر، ٹرانزٹ ٹریڈ کراچی راشد منیر صدیقی۔ ڈائریکٹر، ٹرانزٹ ٹریڈ (ہیڈکوارٹرز) زہرہ حیدر ، ایڈیشنل ڈائریکٹر غلام حیدر مہیسر ، ایڈیشنل ڈائریکٹر، ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانزٹ ٹریڈ ، پشاور اطہر نوید اور ڈپٹی ڈائریکٹر، ٹرانزٹ ٹریڈ کراچی شفاعت علی مرزا کی کاوشوں کو سراہا۔یونیسف کے وفد نے پاکستان کسٹمز اور ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانزٹ ٹریڈ کی مشترکہ اور مربوط کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا جن کے باعث انسانی ہمدردی کے سامان کی مؤثر پروسیسنگ اور بروقت ترسیل یقینی بنائی گئی۔ اس سہولت کاری کے نتیجے میں افغانستان تک ضروری انسانی امداد کی بروقت فراہمی میں مدد ملی۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹرانزٹ ٹریڈ نے انسانی ہمدردی اور بین الاقوامی ٹرانزٹ کارگو کی موثر، شفاف اور بلا تعطل سہولت کاری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ حکومتِ پاکستان کے قابلِ اطلاق قوانین، قواعد و ضوابط اور ہدایات کی مکمل پاسداری کو بھی یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

 

مزید خبریں