ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کے تعاون سے نوجوان سائیکلسٹ سردار سالار احمد سندھو نے لاہور سے خیبر پختونخواہ کے ضلع مانسہرہ سرن ویلی تک منفرد سائیکل مہم کا آغاز کر دیا ہے
سائیکلنگ مہم کا بنیادی مقصد کھیلوں کے ذریعے پاکستان کا بہترامیج اجاگر کرنا ہے، محمد طارق قریشی

مزید خبریں
لاہور۔13ستمبر (اے پی پی):ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کے تعاون سے نوجوان سائیکلسٹ سردار سالار احمد سندھو نے لاہور سے خیبر پختونخواہ کے ضلع مانسہرہ سرن ویلی تک منفرد سائیکل مہم کا آغاز کر دیا ہے۔اس حوالے سے ڈائریکٹرجنرل سپورٹس محمد طارق قریشی کا کہنا ہے کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب اس مہم کو کامیاب بنانے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے پورے راستے میں انتظامی معاونت فراہم کر رہا ہے ،سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے افسران نے سفر کے دوران گوجرانوالہ، جہلم، کھاریاں، راولپنڈی اور مری سمیت مختلف مقامات پر سالار احمد کا پرتپاک استقبال کیا۔محمد طارق قریشی نے کہا کہ پنجاب یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے بھرپور مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے،سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب سپورٹس کے بڑے ایونٹس کا انعقاد کر رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو اپنی کھیلوں کی صلاحیتوں کے مظاہرے کے لیے مواقع مل سکیں۔انہوں نے کہاکہ اس سائیکلنگ مہم کا بنیادی مقصد کھیلوں کے ذریعے عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنا اور یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستانی نوجوان امن پسند، پرعزم اور بہادری کے ساتھ ہر چیلنج پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں،اس مہم کا مقصد نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ عزم، بہادری، امید اور ثابت قدمی جیسی اقدار کو اجاگر کرنا بھی ہے۔ڈی جی سپورٹس پنجاب نے مزید کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور باصلاحیت و بہادر نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کے مظاہرے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی ترجیع ہے،منفرد سائیکل مہم 8 ستمبر کی صبح شروع ہوئی اور تاریخی گرینڈ ٹرنک جی ٹی روڈ کے راستے1000 کلومیٹر سے زائد کا فاصلہ طے کرے گی۔








