اسلام آباد ۔ 12 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں مہنگائی کے حوالے سے اجلاس میں سنجیدہ بحث ہونی چاہیے تھی، امید تھی کہ اپوزیشن جماعتیں پوری تیاری کے ساتھ عوام کے مسائل کی نشاندہی کریں گی اور مہنگائی کم کرنے کیلئے حکومت کو تجاویز دیں گی لیکن بدقسمتی سے اپوزیشن رہنمائوں نے معمول کے مطابق سیاسی …
سابقہ حکومتیں حالیہ مہنگائی کی ذمہ دار ہیں، 2022ء میں پہلا مشن خلا میں بھیجیں گے، وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 12 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں مہنگائی کے حوالے سے اجلاس میں سنجیدہ بحث ہونی چاہیے تھی، امید تھی کہ اپوزیشن جماعتیں پوری تیاری کے ساتھ عوام کے مسائل کی نشاندہی کریں گی اور مہنگائی کم کرنے کیلئے حکومت کو تجاویز دیں گی لیکن بدقسمتی سے اپوزیشن رہنمائوں نے معمول کے مطابق سیاسی تقریریں کیں جس سے مایوسی ہوئی، مولانا فضل الرحمان نے خود اعتراف کیا ہے کہ وہ حکومت کے خلاف سازش کر رہے تھے اور غیرآئینی طریقے سے حکومت کو ہٹانا چاہتے تھے اس لئے ان کے خلاف کیس ہونا چاہیے۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کی لوٹ کھسوٹ اور بدعنوانیوں کی وجہ سے ملکی قرضہ 6 ہزار ارب سے 30 ہزار ارب تک پہنچا، یہی لوگ حالیہ مہنگائی کے ذمہ دار ہیں، موجودہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے جو پوائنٹ اٹھائے، اپوزیشن جماعتیں ان کا جواب نہیں دے سکیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے قرضے لیکر گروتھ کی جو پالیسی بنائی تھی وہ غلط تھی، مفتاع اسماعیل اور شاہد خاقان عباسی نے خود اسحاق ڈار کی پالیسی کو ریورس کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا پورا سیٹ اپ سابقہ حکومتوں کا بنایا ہوا ہے، سابقہ حکومتوں کے دور میں ہی ان کے خلاف کیسز بنے اور نیب ان کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے، نیب قانون میں ترامیم کیلئے اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں۔ وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے اپوزیشن رہنمائوں کے خلاف کوئی کیسز نے نہیں بنائے البتہ وفاقی حکومت نے اپوزیشن رہنمائوں کیلئے منی لانڈرنگ کرنے والے لوگوں کی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنمائوں نے لوٹ کھسوٹ کر کے بیرون ملک جائیدادیں بنائیں اور ملکی معیشت کو تباہ کیا، ان کی جائیدادیں ضبط ہونی چاہیے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ن لیگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، ن لیگ کو عوام نے مسترد کر دیا ہے اسلئے اب وہ حکومت کے خلاف عوام کو سڑکوں پر لانے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر سبسڈی دینے سے ایک کروڑ خاندان مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کے مہنگے معاہدے حالیہ بجلی اور گیس بلوں میں اضافے کی وجہ ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ تحفظات معمول کی بات ہے، اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ ہیں اس لئے حکومت کو اس وقت کسی سیاسی چیلنج کا سامنا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سپیس مشن کا پراسز مکمل ہو گیا ہے اور 2022ء میں پہلا مشن خلا میں بھیجیں گے۔








