سابق امریکی فوجی افسرندال حسن کو فائرنگ سکواڈ کے ذریعے دی جانے والی سزائے موت براہِ راست نشر کی جائے گی ،پینٹاگون

سابق امریکی فوجی افسرندال حسن کو فائرنگ سکواڈ کے ذریعے دی جانے والی سزائے موت براہِ راست نشر کی جائے گی ،پینٹاگون

واشنگٹن ۔9اکتوبر (اے پی پی):امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے اعلان کیا ہے کہ 13 ساتھیوں کو ہلاک کرنے والے سابق امریکی فوجی افسرندال حسن کو فائرنگ سکواڈ کے ذریعے دی جانے والی سزائے موت براہِ راست نشر کی جائے گی ۔ بی بی سی کے مطابق امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کا کہنا ہے کہ عوام سابق امریکی فوجی افسر کو فائرنگ سکواڈ کے ذریعے دی جانے والی سزائے موت دیکھ سکیں گے۔

محکمۂ دفاع کے ایک اہلکار نے بتایا کہ 2009 میں فورٹ ہُڈ میں 13 غیر مسلح امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنے والے ندال حسن ملک کی سزائے موت براہِ راست نشر کی جائے گی۔خیال کیا جاتا ہے کہ یہ تقریباً ایک صدی میں امریکا میں پہلی عوامی پھانسی ہوگی۔

سزائے موت پانے والے قیدیوں کے مقدمات پر کام کرنے والے وکیل جان ملز کا کہنا ہے کہ سزائے موت کی کارروائی کو براہِ راست نشر کرنے کے فیصلہ کی جدید دور میں مثال نہیں ملتی اور قانونی اعتبار سے غیر واضح نکتے پر لیا گیا اقدام ہے۔امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کا کہنا ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ لوگ اسے دیکھ سکیں کہ یہ عوامی ہو اور لوگوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اس طرح کے اقدامات کے سنگین نتائج ہوتے ہیں۔انہوں نے قدامت پسند ٹی وی ریئل امریکا ز وائس کو انٹرویو میں کہا کہ ندال حسن کو فوجیوں کے فائرنگ سکواڈ کے ذریعے سزائے موت دی جائے گی اور ایسا ہی ہونا چاہیے۔

پینٹاگون نے رواں ہفتے کے آغاز میں اعلان کیا تھا کہ ندال حسن کو سزائے موت دی جائے گی، جو 60 برس سے زیادہ عرصے میں پہلی فوجی سزائے موت ہوگی۔امریکی فوج کے میجر ڈاکٹر ندال ملک حسن نے 2009 میں فورٹ ہُڈ فوجی اڈے پر فائرنگ کر کے 13 غیر مسلح امریکی فوجیوں کو ہلاک جبکہ 32 کو زخمی کر دیا تھا۔

پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے اس سزا کی سفارش کی تھی، جسے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منظور کر لیا ہے۔یہ دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کے بعد فائرنگ سکواڈ کے ذریعے ہونے والی پہلی فوجی سزائے موت ہو گی۔ ندال حسن کو 13 افراد کے قتل اور 32 افراد کے قتل کی کوشش کے الزامات میں فوجی افسران پر مشتمل 13 رکنی جیوری نے مجرم قرار دیا تھا۔ جیوری نے متفقہ طور پر انھیں سزائے موت دینے کی سفارش کی تھی۔